انگلینڈ کے سابق کپتان اسٹوکس ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کا حصہ بن گئے
- ’’بی بی ایل 16 کے لیے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز میں شمولیت پر بہت پرجوش ہوں‘‘، اسٹوکس
انگلینڈ کے سابق آل راؤنڈر بین اسٹوکس دسمبر میں شروع ہونے والے 2026-27 سیزن سے قبل آسٹریلوی ٹیم ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کا حصہ بن گئے ہیں۔ بگ بیش لیگ کی ٹیم نے منگل کو اس کا اعلان کیا ہے۔
جون میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے اسٹوکس آسٹریلیا کی صفِ اول کی ٹی20 لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل ہونے والے ہیں۔ 7 نیوز کے مطابق 35 سالہ اسٹوکس کو 5 لاکھ آسٹریلوی ڈالر (3 لاکھ 57 ہزار امریکی ڈالر) معاوضہ ملے گا۔
اسٹوکس نے اپنے بیان میں کہا، ’’بی بی ایل 16 کے لیے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز میں شمولیت پر بہت پرجوش ہوں۔‘‘
اسٹوکس نے کہا، ’’ایڈیلیڈ اوول کرکٹ کھیلنے کے لیے ایک شاندار میدان ہے، بگ بیش ایک بہترین مقابلہ ہے اور اسٹرائیکرز کے پاس باصلاحیت کھلاڑیوں کا عمدہ گروپ موجود ہے۔ میں کھلاڑیوں سے ملنے، ان کے ساتھ بھرپور انداز میں کھیلنے اور کامیاب سیزن میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے بے حد پُرجوش ہوں۔‘‘
ایشز سیریز میں کبھی آسٹریلیا کے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھے جانے والے اسٹوکس اب سابق آسٹریلوی کپتان ٹم پین کی کوچنگ میں کھیلیں گے۔
پین نے کہا، ’’بین کرکٹ کی دنیا کے عظیم ترین آل راؤنڈرز میں سے ایک، میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھنے والا اور دباؤ میں بہترین کارکردگی دکھانے والا کھلاڑی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’ہمیں بے حد خوشی ہے کہ ان جیسی صلاحیتوں کا حامل کھلاڑی ہمارے اسکواڈ کا حصہ بن گیا ہے اور ہم بی بی ایل 16 میں اسے شاندار کھیل پیش کرتے دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔‘‘
اسٹرائیکرز نے 2017-18 سیزن کے بعد سے بگ بیش لیگ کا ٹائٹل نہیں جیتا۔ یہ مقابلے میں اس کی واحد کامیابی تھی۔ بگ بیش لیگ پر چھ مرتبہ ٹائٹل جیتنے والی پرتھ اسکارچرز کا غلبہ رہا ہے، جو موجودہ چیمپئن بھی ہیں۔























Comments