مستحق طلبہ کی رہنمائی، ایل سی سی آئی اور اسپائرنگ فیوچرز یو ایس اے میں ایم او یو
- یہ تعاون پاکستان کی معاشی ضروریات سے ہم آہنگ ہنرمند افرادی قوت کی تیاری میں معاون ثابت ہوگا، صدرفہیم الرحمٰن سیگل
پاکستان بھر کے مستحق اور پسماندہ طلباء کو رہنمائی، کیریئر کونسلنگ اور ان کی ہنر مندی (اسکل ڈیولپمنٹ) میں مدد فراہم کرنے کے لیے لاہور چیمبر اور امریکہ میں قائم غیر منافع بخش تنظیم ایسپیئرنگ فیوچرز یو ایس اے کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس ایم او یو پر ایل سی سی آئی کے صدر فہیم الرحمان سہگل اور ایسپیئرنگ فیوچرز کے ایڈوائزر کمیونیکیشنز اینڈ میڈیا ریلیشنز حیدر منیر نے دستخط کیے۔
لاہور چیمبر کے صدرفہیم الرحمٰن سیگل نے کہا کہ تجارتی اور صنعتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے 46,000 سے زائد اراکین کی نمائندگی کرتے ہوئے، چیمبر بزنس لیڈرز کے اپنے وسیع نیٹ ورک کو تعلیمی اداروں (اکیڈمیا) اور صنعت کے درمیان حائل خلیج کو پُر کرنے کے لیے استعمال کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تعاون پاکستان کی معاشی ضروریات سے ہم آہنگ ہنرمند افرادی قوت کی تیاری میں معاون ثابت ہوگا اور نوجوانوں کو کامیاب کیریئر بنانے کے لیے زیادہ مواقع فراہم کرے گا۔
اسپائرنگ فیوچرز کی بانی عظمیٰ قریشی نے اس اشتراک کو پاکستانی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کے ذریعے باصلاحیت طلبہ کو کیریئر کاؤنسلنگ اور رہنمائی کے لیے تجربہ کار کاروباری رہنماؤں سے جوڑا جائے گا جبکہ وظائف، اعلیٰ تعلیم اور قائدانہ صلاحیتوں کی ترقی کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
معاہدے کے تحت دونوں ادارے نوجوانوں کی قیادت، کاروبار، کیریئر کی ترقی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے موضوعات پر مشترکہ طور پر ورکشاپس، سیمینارز اور ویبینارز کا انعقاد کریں گے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026























Comments