انیقہ معراج مس ورلڈ پاکستان 2026 کے تاج کے ساتھ عالمی مقابلے کے لیے منتخب
- پاکستانی دوشیزہ پہلی بار ویتنام میں ہونے والے مس ورلڈ فیسٹیول کے 75ویں سالگرہ کے ایڈیشن میں ملک کی نمائندگی کریں گی
انیقہ معراج کو مس ورلڈ پاکستان 2026 کا تاج پہنا دیا گیا ہے، جس کے بعد وہ ویتنام میں ہونے والے مس ورلڈ فیسٹیول کے 75ویں سالگرہ کے ایڈیشن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
اس انتخاب کے ساتھ ہی پاکستان پہلی بار مس ورلڈ کے عالمی مقابلے میں باضابطہ طور پر قدم رکھے گا۔ بزنس اور اکنامکس میں گریجویٹ 24 سالہ انیقہ معراج ویتنام میں 9 اگست سے 5 ستمبر تک شیڈول اس بین الاقوامی مقابلے میں حصہ لیں گی۔ یہ تاریخ میں پہلا موقع ہوگا جب پاکستان باقاعدہ طور پر مس ورلڈ کے اسٹیج پر جلوہ گر ہوگا۔ انیقہ معراج، جو اس وقت آڈٹنگ اور اکاؤنٹنگ میں ماسٹرز کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں، نے بتایا کہ ان کا طویل مدتی ہدف اسٹیٹ آتھرائزڈ پبلک اکاؤنٹنٹ بننا ہے، جبکہ وہ پاکستان میں بچوں کے حقوق اور لڑکیوں کی تعلیم کے لیے بھی آواز اٹھاتی رہیں گی۔

تاج پوشی کی یہ تقریب لاہور کے فلیٹیز ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں مس پاکستان یونیورسل 2022 ڈاکٹر شفق اختر اور مسٹر پاکستان ورلڈ عطا اللہ گجر نے انیقہ معراج کو اس اعزاز سے نوازا۔مس ورلڈ آرگنائزیشن کے مطابق انیقہ معراج کی یہ شرکت عالمی سطح پر پاکستان کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ وہ اس سے قبل بھی کئی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں، جن میں مس ارتھ، مس گلوبل، مس کاسمو، مس ایکو انٹرنیشنل اور مس اورا انٹرنیشنل شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں مس یونیورس میں شرکت کے ذریعے بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی موجودگی کو بڑھایا ہے، تاہم ویتنام کے اسٹیج پرانیقہ معراج کی آمد مس ورلڈ کے باوقار مقابلے میں ملک کی تاریخ کی پہلی نمائندگی ہوگی۔


























Comments