ارجنٹینا کا شاندار کم بیک، مصر کو شکست دے دی
- دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے منگل کو آخری لمحات میں 3 گول داغ کر مصر کو 2-3 سے مات دے دی
دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے منگل کو شاندار کم بیک کرتے ہوئے آخری لمحات میں تین گول داغ کر مصر کو 2-3 سے شکست دے دی اور فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
اینزو فرنانڈیز نے اسٹاپیج ٹائم کے تیسرے منٹ میں لاؤتارو مارٹینیز کے کراس پر ہیڈر کے ذریعے فیصلہ کن گول کر کے مصر کی اضافی وقت کھیلنے کی امیدیں خاک میں ملا دیں۔
اس سے قبل کرسٹیان رومیرو نے مقررہ وقت ختم ہونے سے 11 منٹ پہلے بغیر کسی رکاوٹ کے ہیڈر پر گول کر کے خسارہ کم کیا، جبکہ چار منٹ بعد لیونل میسی نے پنالٹی ایریا کے اندر سے شاندار شاٹ لگا کر مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔
مصر نے 15ویں منٹ میں برتری حاصل کی تھی، جب یاسر ابراہیم نے اپنے مارکر لیساندرو مارٹینیز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے زوردار ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا دی۔
میچ کے دوران لیونل میسی کی پنالٹی مصر کے گول کیپر مصطفیٰ شبیر نے روک لی، جو ٹورنامنٹ میں ارجنٹائنی کپتان کی دوسری ضائع ہونے والی پنالٹی تھی۔
مصطفیٰ زیکو کا ایک گول آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا گیا، تاہم انہوں نے میچ ختم ہونے سے 23 منٹ قبل دوسرا گول کر کے مصر کی برتری 2-0 کر دی تھی۔
ارجنٹینا اب ہفتے کو کینساس میں ہونے والے کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ یا کولمبیا کا مقابلہ کرے گا۔





















Comments