بارکلیز نے تیل کے منظر نامے پر پاکستانی قرضوں کی ریٹنگ اوور ویٹ کر دی، بلومبرگ
- پاکستانی معیشت استحکام کا مظاہرہ کر رہی، مالیاتی پوزیشن میں بہتری آئی ہے، رپورٹ
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق بارکلیز بینک پی ایل سی نے مئی میں ریٹنگ کم کرنے کے بعد اب تیل کی مارکیٹ کے بہتر ہوتے منظر نامے کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستانی ڈالر بانڈز کی ریٹنگ بڑھا کر اوور ویٹ کر دی ہے۔ اس رپورٹ کو مشیرِ وزیرِ خزانہ خرم شہزاد نے بھی شیئر کیا۔
رپورٹ کے مطابق بہتر ہوتی مالیاتی پوزیشن، مستحکم بیرونی بفرز، نسبتاً پائیدار غیر ملکی ذخائر اور شرحِ نمو و افراطِ زر کی معتدل صورتحال کے ساتھ پاکستانی معیشت مسلسل استحکام کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
بلومبرگ نے اونتی سیو سمیت دیگر تجزیہ کاروں کے لکھے گئے ایک نوٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی بیرونی پوزیشن کی لچک کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور یہی چیز اس مثبت نقطہ نظر کو تقویت دیتی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کثیر الجہتی اور دوطرفہ مالیاتی معاونت برقرار ہے کیونکہ ملک کی جیو پولیٹیکل پوزیشن وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، جو کہ ایک ممکنہ مددگار عنصر ہے۔ رپورٹ میں 2031، 2036، 2051 کے خودمختار ڈالر بانڈز اور پاکستان واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے جاری کردہ 2031 کے بانڈز خریدنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ پاکستان کے 5 سالہ کریڈٹ ڈیفالٹ سواپ کو فروخت کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ کریڈٹ ریٹنگ میں اپ گریڈ کے نتائج سامنے آنے میں کچھ وقت لگا ہے، تاہم ریٹنگ ایجنسیاں 2026 کی دوسری ششماہی میں ریٹنگ کا جائزہ لے کر اسے مثبت انداز میں حتمی شکل دے سکتی ہیں۔
بارکلیز پی ایل سی ایک برطانوی کثیر القومی یونیورسل بینک ہے، جس کا ہیڈ کوارٹر لندن انگلینڈ میں ہے۔ بارکلیز پانچ ڈویژنز کے طور پر کام کرتا ہے جن میں یوکے کنزیومر بینک، یوکے کارپوریٹ بینک، پرائیویٹ بینک اینڈ ویلتھ مینجمنٹ، انویسٹمنٹ بینک اور یو ایس کنزیومر بینک شامل ہیں۔




















Comments