کراچی میں آج رات اور کل بارش کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
- حیدرآباد، سکھر اور ٹھٹھہ میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور معتدل برسات متوقع ہے
محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں اتوار (آج) کی رات گئے اور پیر کو بارش کا امکان ہے۔
میٹ آفس کی رپورٹ کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ اتوار کو بلوچستان میں داخل ہونے کی توقع ہے۔ اس موسمی نظام کے زیرِ اثر پیر کو سکھر، کشمور اور گھوٹکی کے اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے معتدل اور کہیں کہیں شدید بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پیر کو کراچی ڈویژن سمیت جامشورو، دادو، قمبر شہدادکوٹ، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، میرپورخاص، مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہٰ یار، ٹھٹھہ، بدین اور سجاول کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران چلنے والی تیز ہواؤں، بجلی کی چمک اور ژالہ باری سے کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ژالہ باری اور آندھی کھڑی فصلوں کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی موجودہ صورتحال کے مطابق اپنی فصلوں کی حفاظت کے اقدامات کریں۔






















Comments