ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 400 ملین ڈالر فنانسنگ کی منظوری دے دی
- یہ رقم پنجاب میں پانی، صفائی اور بنیادی حفظانِ صحت کے منصوبوں کے لیے استعمال ہوگی
ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے 400 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے، یہ رقم پنجاب میں پانی، صفائی اور بنیادی حفظانِ صحت کے منصوبوں کے لیے استعمال ہوگی، اس کے ساتھ مقامی شہری انتظامیہ کی ادارہ جاتی اور مالی کارکردگی کو بہتر بنانے میں بھی مدد دےگی۔
ایک بیان کے مطابق پنجاب انکلیسو سٹیز پروگرام (پی آئی سی پی) پانی کی سپلائی نیٹ ورکس، سیوریج سسٹمز اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی بہتری اور بحالی، بارش کے پانی کی نکاسی فراہم کرنے اور مقامی حکومتوں کی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد کرے گا تاکہ وہ پائیدار طور پر خدمات فراہم کر سکیں اور پنجاب کے 16 سیکنڈری شہروں میں آمدنی میں اضافہ کر سکیں۔
یہ پروگرام پنجاب میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کی بہتر کارکردگی میں بھی معاونت کرے گا۔
پاکستان میں عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار نے کہا کہ بچوں میں قد و قامت کی کمی کو کم کرنا پاکستان کے مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔ پنجاب انکلیسو سٹیز پروگرام کے ذریعے ہم محفوظ پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کی خدمات میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں تاکہ غذائی قلت اور بیماری کے اس چکر کو توڑا جا سکے جو بہت سے بچوں کو اپنی مکمل صلاحیت تک پہنچنے سے روک رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے تعاون سے یہ پروگرام شہری انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے اور مقامی اداروں کو مضبوط کرنے میں ایک اہم قدم ہے جس سے صحت مند کمیونٹیز اور ایک زیادہ خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جائے گی۔
پنجاب انکلیسو سٹیز پروگرام کا مقصد تقریباً 4.5 ملین لوگوں کو بہتر پانی، صفائی، حفظانِ صحت اور نکاسی آب کی خدمات فراہم کرنا اور اضافی 2 ملین لوگوں کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروس کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام پانی سے منتقل ہونے والی بیماریوں میں کمی لا کر صحت کے اخراجات کو کم کرنے، بچوں میں قد و قامت کی کمی کی شرح گھٹانے اور شہری مقامی حکومتوں کی صلاحیت کو مضبوط کر کے پائیدار خدمات فراہم کرنے میں مدد کرے گا۔
سینئر اربن اسپیشلسٹ ورلڈ بینک ایمینہ راجہ نے کہا کہ یہ پروگرام انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کو صلاحیت سازی اور آمدنی بڑھانے کے اقدامات کے ساتھ مکمل کرتا ہے، تاکہ خدمات کی فراہمی کو مستحکم بنایا جا سکے، یہ پنجاب کے شہروں کو سیلاب اور خشک سالی کے اثرات کا بہتر مقابلہ کرنے میں بھی مدد دے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ شہری ترقی ماحولیاتی طور پر ذمہ دار اور موسمیاتی تبدیلی کے لیے لچکدار ہو۔
عالمی قرض دہندہ نے بیان میں کہا کہ یہ پروگرام اہم صنفی فوائد بھی فراہم کرتا ہے، جن میں خواتین کی بھرتی کو ترجیح دینا، خاص طور پر فیصلہ سازی کے کرداروں میں، صنفی شکایات کے ڈیسک قائم کرنا اور خواتین کارکنوں کو نئی مہارتیں سیکھنے اور ترقی کرنے میں مدد دینے کے لیے ہدفی صلاحیت سازی فراہم کرنا شامل ہے۔
پروگرام کا مقصد پنجاب کے سیکنڈری شہروں میں پانی اور صفائی کی خدمات کی حمایت کے لیے نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنا بھی ہے۔
ورلڈ بینک نے نوٹ کیا کہ یہ نیا پروگرام پاکستان کی ترقی کی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور جاری صوبائی پروگراموں کی حمایت فراہم کرتا ہے۔
یہ ورلڈ بینک کی حمایت یافتہ پاکستان اربن واٹر، سیوریج اور حفظانِ صحت خدمات کے کثیر مرحلہ وار پروگراماتی نقطہ نظر کا دوسرا مرحلہ ہے۔






















Comments