ایشین ڈیولپمنٹ بینک نے پاکستان کیلئے 381 ملین ڈالرز کے منصوبوں کی منظوری دے دی
- رقم زراعت ،تعلیم اور پنجاب میں صحت کی خدمات کو جدید بنانے پر خرچ کی جائے گی
ایشین ڈیولپمنٹ بینک (اے ڈی بی) نے پنجاب میں زراعت، تعلیم اور صحت کی سہولتوں کو فروغ دینے کیلئے مجموعی طور پر 381 ملین ڈالر مالیت کے 3 منصوبے منظور کرلیے۔
اے ڈی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ رقم پاکستان کے صوبے پنجاب میں 3 منصوبوں کے لیے منظور کی گئی ہے جو زراعت ،تعلیم اور پنجاب میں صحت کی خدمات کو جدید بنانے پر رقم خرچ کی جائے گی، ان ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے میں معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
اے ڈی بی کی پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے کہا کہ تعلیم، صحت اور زرعی مشین کاری میں سرمایہ کاری پنجاب کی ترقی میں ایک تبدیلی کا کردار ادا کرے گی۔
یہ حکمتِ عملی پر مبنی سرمایہ کاری زراعت کو جدید بنائے گی، انسانی سرمایہ کو مضبوط کرے گی اور پنجاب بھر میں لاکھوں افراد کی روزگار اور معیارِ زندگی کو نمایاں طور پر بہتر کرے گی۔
پنجاب کلائمٹ ریزیلینٹ اینڈ لو-کاربن ایگری کلچر میکینائزیشن پروجیکٹ کے لیے 120 ملین ڈالر کا کنسیشنل قرض اور 4 ملین ڈالر کا گرانٹ مختص کیا گیا ہے تاکہ صوبے میں جدید، آفات سے محفوظ اور کم کاربن زرعی طریقوں کی جانب منتقلی کو تیز کیا جا سکے جس سے 2,20,000 دیہی زرعی خاندان مستفید ہوں گے۔
اے ڈی بی نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب پاکستان کی بریڈ باسکٹ ہے جو ملک کی 75 فیصد گندم، 69 فیصد چاول اور 91 فیصد مکئی پیدا کرتا ہے۔ تاہم، یہ صوبہ پرانے آلات پر انحصار کرنے کی وجہ سے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں اجناس کا بھاری نقصان ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ کسان اکثر فصل کے باقیات جلا دیتے ہیں جس سے فضائی آلودگی بڑھتی ہے۔ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے یہ منصوبہ جدید زرعی مشین کاری، جیسے کہ چاول کی کٹائی کرنے والی مشینوں، کے استعمال کو فروغ دیتا ہے۔
اے ڈی بی نے پنجاب میں رسپانسیو، ریڈی اور ریزیلینٹ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (ایس ٹی ای ایم) سیکنڈری ایجوکیشن پروگرام کے لیے بھی 107 ملین ڈالر کی منظوری دی ہے۔ اس میں بینک کے ایشین ڈویلپمنٹ فنڈ سے 7 ملین ڈالر کا گرانٹ اور عام کنسیشنل کیپیٹل وسائل سے 100 ملین ڈالر کا قرض شامل ہے۔
بیان کے مطابق یہ نتائج پر مبنی پروگرام ثانوی تعلیم کو جدید بنانے کے لیے پنجاب بھر میں شمولیتی ایس ٹی ای ایم کو فروغ دینے کا مقصد رکھتا ہے۔ یہ منصوبہ، جسے پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نافذ کرے گا، صوبے بھر میں طلباء کے لیے معیاری تعلیم تک رسائی میں بہتری لائے گا۔’’
آخر میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے پنجاب نرسنگ اینڈ ہیلتھ ورک فورس ریفارم پروگرام کے لیے 150 ملین ڈالر کا کنسیشنل قرض منظور کیا ہے تاکہ نرسنگ تعلیم کو فروغ دیا جا سکے، آفات سے محفوظ تربیتی مراکز قائم کیے جائیں اور پنجاب میں صحت کے شعبے کی ورک فورس کی گورننس کو مضبوط بنایا جا سکے۔
منیلا میں واقع اس بینک نے نوٹ کیا کہ پاکستان کو تربیت یافتہ نرسوں کی کمی کا سامنا ہے جبکہ دنیا بھر میں تربیت یافتہ نرسوں کی بڑھتی ہوئی مانگ موجود ہے۔
ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے مطابق یہ نتائج پر مبنی پروگرام نرسنگ کے نصاب کو اپ گریڈ کرنے، فیکلٹی ڈیولپمنٹ کے اقدامات کو بڑھانے اور ڈیجیٹل ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو نافذ کرنے پر مرکوز ہوگا تاکہ ورک فورس کی منصوبہ بندی کو صحت کی خدمات کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ تربیت یافتہ نرسوں، جن میں زیادہ تر خواتین ہوں گی کی تعداد بڑھانے سے صوبے میں صحت کی خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
نرسنگ پروگرام کے تحت لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں تین سینٹرز آف ایکسیلنس قائم کیے جائیں گے۔






















Comments