آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) جو ملک کی سب سے بڑی ایکسپلوریشن اور پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنی ہے نے 30 جون 2025 کو ختم ہونے والے سال کے لیے 169.9 ارب روپے کا مجموعی منافع کا اعلان کیا جو گزشتہ سال کے 208.9 ارب روپے کے منافع کے مقابلے میں تقریباً 19 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
منگل کو پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو فراہم کردہ آئل و گیس کمپنی کی تازہ ترین مالیاتی رپورٹ کے مطابق ادارے کی فی شئیر آمدنی (ای پی ایس) 39.50 روپے رہی جو مالی سال 2024 میں 48.59 روپے تھی ۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے کہا کہ منافع توقعات سے زیادہ رہا، جس کی وجہ متوقع سے کم ایکسپلوریشن اخراجات اور مؤثر ٹیکس شرح ہے۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مالی سال 2024-25 کے لیے 5 روپے فی شیئر، یعنی 50 فیصد حتمی کیش ڈیوڈنڈ کا اعلان کیا ہے۔ یہ منافع پہلے سے ادا کیے گئے 10.05 روپے فی شیئر، یعنی 100.50 فیصد، کے عبوری منافع کے علاوہ ہے۔ کمپنی کی تاریخ میں یہ اب تک کا سب سے زیادہ منافع ہے۔
منافع میں کمی کی بڑی وجہ خالص فروخت میں گراوٹ تھی، جو مالی سال 2025 میں 401.1 ارب روپے رہی جبکہ مالی سال 2024 میں یہ 463.7 ارب روپے تھی، جو 13 فیصد سے زائد کی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
مالی سال 2025 میں مجموعی منافع بھی 18 فیصد کم ہو کر 231.6 ارب روپے ہو گیا، جو گزشتہ سال 283.3 ارب روپے تھا۔ نتیجتاً، کمپنی کا منافع مارجن مالی سال 2024 کے 61 فیصد کے مقابلے میں مالی سال 2025 میں کم ہو کر 58 فیصد ہو گیا۔
تاہم فنانس اور دیگر آمدنی بڑھ کر 81.8 ارب روپے ہو گئی، جو کہ ایک سال پہلے کے 41.3 ارب روپے کے مقابلے میں تقریباً دوگنا یعنی 98 فیصد کا اضافہ ہے۔ اس اضافے نے کمپنی کے منافع کو کچھ سہارا دیا۔ اس کے علاوہ، ایکسپلوریشن اور پراسپیکٹنگ پر اٹھنے والے اخراجات میں بھی 49 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ مالی سال 2024 کے 12.6 ارب روپے کے مقابلے میں 18.7 ارب روپے تک پہنچ گئے۔
اخراجات کی مد میں، آپریشنل اخراجات 120.2 ارب روپے رپورٹ ہوئے، جو کہ پچھلے سال کے 123.5 ارب روپے سے تھوڑے کم ہیں، جبکہ فنانس کی لاگت 7.1 ارب روپے سے کم ہو کر 5.8 ارب روپے پر آ گئی۔
کمپنی کا ایسوسی ایٹس میں منافع کا حصہ مالی سال 2025 میں 12.6 ارب روپے رہا، جو پچھلے سال کی اسی مدت کے 13.2 ارب روپے سے قدرے کم ہے۔
ٹیکس کٹوتی سے قبل او جی ڈی سی ایل کا منافع 279.3 ارب روپے رہا، جو مالی سال 2024 میں 293.8 ارب روپے تھا۔ ٹیکس کی مد میں 109.4 ارب روپے کٹنے کے بعد، سالانہ خالص منافع 169.9 ارب روپے تک رہا۔
او جی ڈی سی ایل کو 23 اکتوبر 1997 کو کمپنیز آرڈیننس، 1984 کے تحت رجسٹرڈ کیا گیا۔ کمپنی کا قیام تیل اور گیس کے وسائل کی تلاش اور ترقی، بشمول تیل و گیس کی پیداوار اور فروخت اور متعلقہ سرگرمیوں کے لیے کیا گیا، جو پہلے آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعے انجام دی جاتی تھیں، جس کا قیام 1961 میں عمل میں آیا تھا۔


























Comments
Comments are closed.