کاروبار اور معیشت

سیمنٹ کی مقامی فروخت میں کمی، مینوفیکچررز کا ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں کمی کا مطالبہ

مالی سال 25-2024 کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت 3.05 فیصد کی کمی سے 37.017 ملین ٹن رہی جب کہ گزشتہ مالی سال (جو 30...
شائع July 3, 2025

مالی سال 25-2024 کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت 3.05 فیصد کی کمی سے 37.017 ملین ٹن رہی جب کہ گزشتہ مالی سال (جو 30 جون 2024 کو ختم ہوا) میں فروخت 38.181 ملین ٹن رہی تھی۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیمنٹ پر عائد ڈیوٹیز اور ٹیکسز میں کمی کی جائے کیونکہ سیمنٹ کوئی پرتعیش شے نہیں بلکہ ایک بنیادی ضرورت ہے۔

ترجمان اے پی سی ایم اے کے مطابق ہمیں مقامی کھپت میں اضافے کے طریقے تلاش کرنا ہوں گے تاکہ غیر استعمال شدہ پیداواری صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے، جو معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور منسلک صنعتوں کے لیے ریونیو میں اضافے کا باعث بنے گا۔

ترجمان کے مطابق مقامی مانگ میں کمی سیمنٹ انڈسٹری کی ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔

برآمدات کے لحاظ سےصنعت نے 29.46 فیصد کی قابل ذکر نمو حاصل کی کیونکہ برآمدی حجم 7.110 ملین ٹن سے بڑھ کر 9.204 ملین ٹن تک پہنچ گیا۔مجموعی طور پرصنعت نے مالی سال 30 جون 2025 کو ختم ہونے تک 2.05 فیصد کی معمولی ترقی حاصل کی اورمجموعی حجم 46.221 ملین ٹن رہا جو پچھلے مالی سال میں 45.291 ملین ٹن تھا

30 جون 2025 کو ختم ہونے والے عرصے کے دوران شمالی علاقوں میں قائم سیمنٹ فیکٹریوں کی مقامی فروخت 2.60 فیصد کمی کے ساتھ 30.726 ملین ٹن رہی، جو جولائی 2023 تا جون 2024 کے دوران 31.545 ملین ٹن تھی۔ تاہم، شمالی علاقوں سے برآمدات میں 15.56 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جو گزشتہ مالی سال کے 1.457 ملین ٹن کے مقابلے میں جولائی 2024 تا جون 2025 کے دوران 1.684 ملین ٹن تک پہنچ گئیں، اس طرح مالی سال 2025 کے اختتام پر شمالی علاقوں سے مجموعی ترسیلات 1.79 فیصد کمی کے ساتھ 32.410 ملین ٹن رہیں، جو گزشتہ مالی سال میں 33.002 ملین ٹن تھیں۔

جنوبی علاقوں میں قائم سیمنٹ فیکٹریوں کی مقامی ترسیلات جولائی 2024 تا جون 2025 کے دوران 6.291 ملین ٹن رہیں، جو گزشتہ مالی سال کے 6.636 ملین ٹن کے مقابلے میں 5.21 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔ تاہم جنوبی علاقوں سے برآمدات میں نمایاں بہتری آئی، جو 33.04 فیصد اضافے کے ساتھ 7.519 ملین ٹن تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران یہ 5.652 ملین ٹن تھیں۔اس طرح مالی سال 2025 کے اختتام پر جنوبی علاقوں سے مجموعی ترسیلات 12.38 فیصد اضافے کے ساتھ 13.811 ملین ٹن ہو گئیں، جو گزشتہ مالی سال میں 12.289 ملین ٹن تھیں۔

جون 2025 کے دوران سیمنٹ سیکٹر کی مقامی ترسیلات 2.597 ملین ٹن رہیں، جو جون 2024 میں 3.079 ملین ٹن تھیں، یوں مقامی ترسیلات میں 15.65 فیصد کمی واقع ہوئی۔ دوسری جانب برآمدات میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا، جو 81.70 فیصد اضافے کے ساتھ 472,865 ٹن سے بڑھ کر جون 2025 میں 859,204 ٹن تک پہنچ گئیں۔ مجموعی طور پر جون 2025 میں سیمنٹ کی ترسیلات 3.457 ملین ٹن رہیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 3.552 ملین ٹن تھیں، اس طرح مجموعی ترسیلات میں 2.69 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

جون 2025 کے دوران شمالی علاقوں میں قائم سیمنٹ فیکٹریوں کی ترسیلات 2.445 ملین ٹن رہیں، جو جون 2024 کے 2.723 ملین ٹن کے مقابلے میں 10.21 فیصد کم تھیں۔ دوسری جانب، جنوبی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں نے جون 2025 میں 1.01 ملین ٹن سیمنٹ روانہ کی جو جون 2024 کے 0.830 ملین ٹن کے مقابلے میں 21.99 فیصد زیادہ ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025

Comments

200 حروف