لکی موٹر کارپوریشن (ایل ایم سی) کے بعد پاک سوزوکی موٹر کمپنی (پی ایس ایم سی) پاکستان میں نئی گاڑیوں کی قیمتیں بڑھانے والا تازہ ترین آٹو مینوفیکچرر بن گیا، یہ اقدام مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ میں کی گئی تبدیلیوں، خصوصاً آٹو موبائل سیلز پر نئے نیو انرجی وہیکل (این ای وی) لیوی کے نفاذ کے بعد اٹھایا گیا ہے۔
جاری کردہ سرکلر میں پاک سوزوکی موٹر کمپنی (پی ایس ایم سی) نے واضح کیا کہ مالیاتی اور معاشی لاگت میں اضافے کا صارفین پر کوئی اثر نہیں ڈالا گیا ہے، قیمتوں میں یہ اضافہ صرف حکومت کی طرف سے عائد کیے گئے نئے ٹیکسز اور لیویز کی وجہ سے ہے۔
فنانس ایکٹ 2025 کے تحت نافذ کی گئی نیو انرجی وہیکل (این ای وی) لیوی یکم جولائی 2025 سے مؤثر ہو گئی ہے، یہ لیوی تمام پٹرول اور ڈیزل انجن والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر عائد کی گئی ہے جس کے نتیجے میں ان کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
نیو انرجی وہیکل (این ای وی) لیوی کا اطلاق تمام اقسام کی گاڑیوں پر ہوتا ہے، جن میں عام موٹر سائیکلوں سے لے کر پرتعیش ایس یو ویز تک شامل ہیں۔
تاہم اس پالیسی کے تحت نیو انرجی وہیکل (یعنی الیکٹرک اور ہائبرڈ کاریں)، برآمد کے لیے تیار کی جانے والی گاڑیاں، سفارتی مشن کی گاڑیاں اور بین الاقوامی اداروں کی وہ گاڑیاں جو سفارتی استثنیٰ رکھتی ہیں، اس لیوی سے مستثنیٰ ہیں۔
پاک سوزوکی موٹر کمپنی کی جانب سے ڈیلرز کو جاری کردہ سرکلر کے مطابق یکم جولائی 2025 سے نافذ ہونے والی نئی ریٹیل قیمتوں میں 1 لاکھ 86 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ کیا گیا ہے۔
سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ماڈلز میں آلٹو وی ایکس ایل اے جی ایس شامل ہے، جس کی نئی قیمت اب 33.2 لاکھ روپے ہو گئی ہے — جو پچھلی قیمت کے مقابلے میں 1,86,446 روپے کا اضافہ ظاہر کرتی ہے، اسی طرح، وی ایکس آر اور وی ایکس آر اے جی ایس کی نئی قیمتیں بالترتیب 29.9 لاکھ اور 31.7 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہیں جن میں بالترتیب 1,67,861 اور 1,77,480 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
کلٹس ویریئنٹس کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ کلٹس وی ایکس آر کی قیمت میں 40,490 روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 40.8 لاکھ روپے ہوگئی، اسی طرح وی ایکس ایل اور اے جی ایس ویریئنٹس کی نئی قیمتیں بالترتیب 43.6 لاکھ اور 45.9 لاکھ روپے ہوگئی ہیں۔
سوئفٹ سیریز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا۔ سوئفٹ جی ایل ایکس سی وی ٹی کی قیمت میں 47,190 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 47.6 لاکھ روپے ہوگئی، علاوہ ازیں سوئفٹ جی ایل ایم ٹی اور جی ایل سی وی ٹی ویریئنٹس کی نئی قیمتیں بالترتیب 44.6 لاکھ اور 46 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہیں۔
وی ایکس اور وی ایکس آر ماڈلز کی قیمتوں میں بالترتیب 1,63,230 روپے اور 1,66,200 روپے کا اضافہ ہوا ہے، اس کے علاوہ راوی ویریئنٹس کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں جن میں بالترتیب 18,810 روپے اور 19,560 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاک سوزوکی موٹر کمپنی کے نوٹیفکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ نئی قیمتوں میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ، سیلز ٹیکس اور این ای وی لیوی شامل ہیں، تاہم ایڈوانس انکم ٹیکس اس میں شامل نہیں ہے۔
Comments