خام تیل کی قیمتوں میں جمعرات کو کمی ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سیشن کے دوران ہونے والے اضافے کے برخلاف تھی، اس کی وجہ امریکہ میں کمزور طلب سے متعلق خدشات تھے جبکہ سرکاری اعداد و شمار میں دنیا کے سب سے بڑے خام تیل استعمال کنندہ ملک میں غیرمتوقع ذخائر میں اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔
برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 24 سینٹ یا 0.35 فیصد کی کمی سے 68.87 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی جبکہ بدھ کو اس میں 3 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ بھی 24 سینٹ یا 0.36 فیصد کی کمی کے بعد 67.21 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا جو اس سے قبل 3.1 فیصد بڑھا تھا۔
امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن (ای آئی اے) نے بدھ کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے ملک کے خام تیل کے ذخائر میں 38 لاکھ بیرل کا اضافہ ہوا جس سے مجموعی ذخائر 419 ملین بیرل تک پہنچ گئے۔ رائٹرز کے ایک سروے میں تجزیہ کاروں نے 18 لاکھ بیرل کی کمی کی توقع ظاہر کی تھی۔
پیٹرول کی یومیہ طلب کم ہو کر 86 لاکھ بیرل رہ گئی جس سے امریکہ کے موسمِ گرما کے ڈرائیونگ سیزن میں ایندھن کے استعمال سے متعلق خدشات جنم لینے لگے ہیں۔
دونوں بینچ مارک تیل کی قیمتوں میں بدھ کو اس وقت اضافہ ہوا جب ایران نے اقوام متحدہ کے جوہری نگراں ادارے کے ساتھ تعاون معطل کردیا، جس سے خدشات پیدا ہوئے کہ مشرقِ وسطیٰ کے اس تیل پیدا کرنے والے ملک کے جوہری پروگرام پر جاری تنازع ایک بار پھر مسلح تصادم کی صورت اختیار کرسکتا ہے۔
مزید یہ کہ امریکہ اور ویتنام کے درمیان ایک تجارتی معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت جنوب مشرقی ایشیا کے اس ملک کی کئی برآمدات پر 20 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ اس پیشرفت سے سرمایہ کاروں کو بین الاقوامی تجارت میں زیادہ اقتصادی استحکام کا تاثر ملا، جو ممکنہ طور پر تیل کی طلب میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ کی نظریں جمعرات کو جاری ہونے والی امریکہ کی ماہانہ روزگار رپورٹ پر مرکوز ہیں جو اس سال کی دوسری ششماہی میں فیڈرل ریزرو کی جانب سے ممکنہ شرحِ سود میں کمی کی گہرائی اور وقت کے حوالے سے توقعات کے تعین میں مدد دے گی۔
کم شرحِ سود اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دے سکتی ہے جس کے نتیجے میں تیل کی طلب میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
بدھ کو جاری کردہ نجی شعبے کی تنخواہوں سے متعلق رپورٹ میں دو سال بعد پہلی بار کمی ظاہر کی گئی تاہم تجزیہ کاروں نے خبردار کیا کہ اس رپورٹ اور سرکاری اعداد و شمار کے درمیان کوئی واضح تعلق نہیں ہے۔

























Comments
Comments are closed.