اٹلس ہونڈا نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ وہ رواں مالی سال پاکستانی صارفین کے لیے ایک الیکٹرک اسکوٹر متعارف کروا رہی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق کمپنی نے حکومت کی جانب سے نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی کے اعلان کے بعد اپنے اس ارادے کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کے مطابق نئی الیکٹرک وہیکل (ای وی) پالیسی وزیراعظم کے اُس وژن سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد صاف، پائیدار اور سستی ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا، مقامی صنعت کی حوصلہ افزائی کرنا اور ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
ہارون اختر نے کہا کہ اس پالیسی کا ایک بڑا ہدف یہ ہے کہ 2030 تک پاکستان میں فروخت ہونے والی نئی گاڑیوں میں سے 30 فیصد الیکٹرک ہوں۔
اس تبدیلی سے ہر سال تقریباً 2.07 ارب لیٹر ایندھن کی بچت متوقع ہے جو کہ تقریباً ایک ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت کے مترادف ہوگی۔
دوسری جانب ہونڈا نے کہا کہ وہ ایک ہموار لانچ کو یقینی بنانے کیلئے ریگولیٹری اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ تمام اجازت نامے اور منظوری حاصل کی جاسکیں۔
کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں لکھا کہ ضروری معیار اور روڈ ٹیسٹ کے بعد کمپنی رواں مالی سال یہ پروڈکٹ متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ہونڈا ماضی میں بھی الیکٹرک وہیکلز (ای ویز) کی آزمائش کرچکی ہے۔ 2023 میں کمپنی نے اپنے شیخوپورہ پلانٹ میں منعقدہ ایک سافٹ لانچ کے دوران اپنی الیکٹرک اسکوٹر ’BENLY e‘ متعارف کروائی تھی۔
ایونٹ کے موقع پر اٹلس ہونڈا کے موٹرسائیکل اور پاور پراڈکٹس کے چیف آفیسر نوری آکی آبی نے کہا تھا کہ ’BENLY e‘ کو ٹیسٹ مارکیٹنگ کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ صارفین کے فیڈ بیک کی بنیاد پر نئے ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے۔
Comments