ٹیکسٹائل حب بی وی، جو پاکستان کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل برآمدی کمپنیوں میں سے ایک انٹرلوب لمیٹڈ کی الحاق شدہ کمپنی ہے نے معروف لیگ ویئر برانڈ بونی ڈون کے عالمی تجارتی حقوق حاصل کرلیے ہیں۔

انٹرلوب نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری نوٹس میں بتایا کہ اس سودے میں بونی ڈون برانڈ سے متعلق تمام عالمی ٹریڈ مارکس، اسٹاک اور ای کامرس انفرااسٹرکچر شامل ہیں جو کمپنی کی جانب سے ایک اسٹریٹجک توسیعی قدم ہے۔

نوٹس کے مطابق ہم یہ اطلاع دیتے ہوئے خوش ہیں کہ انٹرلوب لمیٹڈ کی الحاق شدہ کمپنی ٹیکسٹائل حب بی وی نے بونی ڈون بی وی سے بونی ڈون برانڈ حاصل کرلیا ہے، جو ایک معروف اور معتبر لیگ ویئر برانڈ ہے۔ یہ حصول بونی ڈون® کے عالمی ٹریڈ مارکس، متعلقہ اسٹاک اور ای کامرس انفرااسٹرکچر پر مشتمل ہے۔

کمپنی ویب سائٹ کے مطابق بونی ڈون دراصل ایک امریکی موزوں کا برانڈ ہے جس کی بنیاد 1957 میں ایلیکس لی ولاو نے رکھی تھی، 1969 سے یہ برانڈ ڈچ اور یورپی منڈیوں میں متعارف کرایا گیا۔

مزید یہ کہ بونی ڈون® پرائیوٹ لیبلز اور کسٹم میڈ لیگ ویئر (ٹانگوں کے لباس) کے ڈیزائن اور تیاری میں بھی اپنی مہارت اور شہرت رکھتا ہے۔

دوسری جانب انٹرلوپ، جو 1992 میں قائم ہوئی، ایک مکمل طور پر مربوط اور مختلف مصنوعات تیار کرنے والی کمپنی ہے جو موزے، ڈینم، نٹڈ ملبوسات اور ایکٹو ویئر تیار کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، یہ ٹیکسٹائل صارفین کے لیے یارن (دھاگہ) بھی تیار کرتی ہے۔ انٹرلوپ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شامل بڑی لسٹڈ کمپنیوں میں سے ایک ہے۔

اس کے تمام پیداواری یونٹس صوبہ پنجاب میں واقع ہیں۔

31 مارچ 2025 کو ختم ہونے والے 9 ماہ کے مالیاتی نتائج کے مطابق، انٹرلوب نے 130.541 ارب روپے کی مشترکہ آمدنی حاصل کی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14.3 فیصد زیادہ ہے۔ تاہم خالص منافع میں 78.4 فیصد کمی ہوئی جو 13.987 ارب روپے سے گھٹ کر 3.028 ارب روپے رہ گیا۔

Comments

200 حروف