حکومت نے بجٹ میں ایف بی آر کے اندر بڑی ڈیجیٹل تبدیلی کا منصوبہ پیش کردیا

  • ایف بی آر کو مالی سال 26 میں 14.13 ٹریلین روپے جمع کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، جو کہ 19 فیصد اضافہ ہے۔
شائع June 10, 2025

وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ایک وسیع پیمانے پر ڈیجیٹل تبدیلی سے گزرنے والا ہے جو حکومت کی پاکستان کے ٹیکس انتظامیہ کو جدید بنانے اور ریونیو وصولی کو بہتر بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ یہ بات وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے منگل کو مالی سال26-2025 کے وفاقی بجٹ کے خطاب میں بیان کی۔

محمد اورنگزیب نے دوسری بار وفاقی بجٹ پیش کیا جبکہ اتحادی حکومت معیشت کو بحال کرنے، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ہدف پورے کرنے اور ٹیکس سے تنگ عوام کو کچھ ریلیف دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

ایف بی آر کا ٹیکس ہدف

وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو مالی سال 26 میں 14.13 کھرب روپے جمع کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے جو مالی سال 25 کے 11.9 کھرب روپے کے نظر ثانی شدہ تخمینوں کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 26 کے لیے ٹیکس وصولی میں 6.9 کھرب روپے براہ راست ٹیکس اور 7.2 کھرب روپے بالواسطہ ٹیکس شامل ہیں۔

تبدیلی کے کلیدی اجزا

اصلاحی منصوبے میں ڈیجیٹل پروڈکشن ٹریکنگ کا ملک بھر میں نفاذ شامل ہے جس کا مقصد مینوفیکچرنگ آؤٹ پٹ کی نگرانی کرنا اور اسے ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹمز سے جوڑنا ہے۔ اس اقدام سے پیداوار کی کم رپورٹنگ میں کمی اور کاروباری سرگرمیوں کے بہتر دستاویزی ہونے کی توقع ہے۔

دستاویزات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے، ایف بی آر بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) ای انوائسنگ کو وسعت دے رہا ہے، اسے متعدد شعبوں میں لازمی بنا رہا ہے۔

منصوبے میں ریٹیلرز کے لیے پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) سسٹم کا گہرا انضمام اور سامان کی نقل و حرکت کو ڈیجیٹل طور پر ٹریک کرنے کے لیے ای-وے بلنگ فریم ورک کا نفاذ بھی شامل ہے۔

روایتی آڈٹ طریقہ کار سے ایک اہم تبدیلی میں، ایف بی آر فیس لیس آڈٹ اور فیس لیس کسٹمز آڈٹ سسٹمز کو مکمل طور پر نافذ کرے گا۔ ان کا مقصد آڈٹ کے عمل میں انسانی صوابدید کو ختم کرنا، بدعنوانی میں کمی لانا اور ٹیکس دہندگان کے اعتماد کو بڑھانا ہے۔

ٹیکنالوجی کی قیادت میں انفورسمنٹ

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال رسک بیسڈ آڈٹ سلیکشن کے لیے کیا جائے گا، جبکہ فراڈ اینالیٹکس ٹولز کسٹمز انفورسمنٹ اور ریفنڈ کی جانچ پڑتال میں مدد کریں گے۔ ایک سنٹرل کنٹرول یونٹ قائم کیا جا رہا ہے جو تمام انفورسمنٹ اور تعمیل کی کارروائیوں پر ریئل ٹائم نظر رکھنے اور مرکزی نگرانی فراہم کرے گا۔

ورک فلو ڈیجیٹلائزیشن کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے، جس میں خودکار الرٹس اور ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ سسٹم شامل ہیں جو بیوروکریٹک تاخیر کے بغیر پروسیسنگ اور انفورسمنٹ کو تیز کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔

ادارہ جاتی حمایت اور صلاحیت کی تعمیر

اس تبدیلی کو پرل بورڈ کی حمایت حاصل ہوگی جو آئی ٹی گورننس اور سسٹم اپ گریڈز کی نگرانی کرے گا۔ مزید برآں، حکومت ایف بی آر کے اندر ”آڈٹ مینٹرز“ متعارف کرانے کا منصوبہ رکھتی ہے جو عملے کو اس منتقلی کے دوران رہنمائی فراہم کریں گے اور ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دیں گے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق، یہ اصلاحات نہ صرف ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کو بڑھانے کے لیے ہیں - جو فی الحال خطے میں سب سے کم ہے - بلکہ پاکستان کے ٹیکس انتظامیہ کو عالمی بہترین طریقوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے بھی ہیں۔

ٹیکس دہندگان کے لیے اس کا کیا مطلب ہے؟

ٹیکس دہندگان اور کاروباروں کے لیے، ایف بی آر کی ڈیجیٹل کوششیں بڑھتی ہوئی تعمیل کی ذمہ داریوں لیکن ممکنہ طور پر کم بیوروکریٹک رکاوٹوں کے مستقبل کی نشاندہی کرتی ہیں۔ ای-انوائسنگ، پروڈکشن ٹریکنگ، اور مرکزی آڈٹس نان کمپلائنس کو مشکل بنا دیں گے اور جائز پروسیسنگ کو تیز کریں گے۔

حکومت کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایجنڈے کو مالی سال کے دوران زور پکڑنے کی توقع ہے، جبکہ مالی سال 2026 تک نفاذ کے لیے متعدد اہم سنگ میل مقرر کیے گئے ہیں۔

Comments

200 حروف