مارکٹس

ایشین حصص کی قیمتوں میں اضافہ، امریکا-چین مذاکرات سے قبل ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ

ایشیائی مارکیٹ میں پیر کو امریکی ملازمتوں کے بہتر اعداد و شمار کے ردعمل میں حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور ڈالر نے...
شائع June 9, 2025

ایشیائی مارکیٹ میں پیر کو امریکی ملازمتوں کے بہتر اعداد و شمار کے ردعمل میں حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور ڈالر نے حالیہ بڑھوتری کو کم کردیا، جبکہ لندن میں امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی اختلافات کو حل کرنے کے لیے مذاکرات ہونے والے ہیں۔

وال اسٹریٹ کے حصص جمعہ کو تیزی سے بڑھ کر بند ہوئے کیونکہ ملازمتوں کے اعداد و شمار نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر متوقع ٹیرف پالیسی سے دنیا کی سب سے بڑی معیشت کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کے خدشات کو کم کر دیا تھا۔

محفوظ سرمایہ کاری سمجھے جانے والے اثاثے جیسے سونا بھرپور فروخت کے بعد نچلی سطح پر رہے۔

ایم ایس سی آئی کا جاپان کے سوا ایشیا پیسیفک حصص کا جامع انڈیکس پیر کی ابتدائی تجارت میں 0.5 فیصد کے اضافے کے ساتھ مثبت رہا۔

ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 1.3 فیصد بڑھ گیا اور 21 مارچ کے بعد پہلی بار 24 ہزار پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

جاپان کا نکئی اسٹاک انڈیکس 0.9 فیصد بڑھ گیا۔

اسی دوران لاس اینجلس میں کشیدگی کے باعث صدر ٹرمپ نے اپنی امیگریشن پالیسیوں کے خلاف مظاہروں کو قابو میں لانے کیلئے کیلیفورنیا نیشنل گارڈ کو طلب کرلیا جس سے سرمایہ کاروں کے جذبات پر منفی اثر پڑا۔ ڈالر 0.3 فیصد کم ہوکر 144.39 ین پر آگیا یوں جمعہ کے 0.9 فیصد اضافے کا کچھ حصہ زائل ہو گیا۔

یورپی سنگل کرنسی یومیہ بنیاد پر 0.2 فیصد بڑھ کر 1.1422 ڈالر پر آ گئی۔

واشنگٹن اور بیجنگ کے تجارتی نمائندے اہم مذاکرات کیلئے ملاقات کرنے والے ہیں جن میں بنیادی توجہ ان قیمتی معدنیات پر ہوگی جن کی پیداوار پر چین کا غلبہ ہے۔

یہ مذاکرات اس نایاب ٹیلی فونک رابطے کے بعد ہورہے ہیں جو پچھلے ہفتے صدر ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ہوا تھا۔

کیپٹل ڈاٹ کام میں سینئر فنانشل مارکیٹ کے تجزیہ کار کائل روڈا نے کہا کہ تجارتی پالیسی بڑا اور اہم میکرو معاشی غیریقینی عنصر ہی رہے گی۔

مذاکرات میں مزید پیشرفت کے اشارے مارکیٹ کو ہفتے کے آغاز میں نئی تحریک دے سکتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ امریکی سیکرٹری خزانہ اسکاٹ بیسنٹ، کامرس سیکرٹری ہاورڈ لوٹ نِک اور تجارتی نمائندہ جیمیسن گرئیر واشنگٹن کی جانب سے چین کے ساتھ مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ نائب وزیرِاعظم ہی لیفینگ برطانیہ میں چین-امریکہ اقتصادی و تجارتی مشاورتی نظام کے پہلے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

جمعہ کو جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق مئی میں امریکی آجروں نے 139,000 نوکریاں شامل کیں جو اپریل میں شامل کی گئی 147,000 نوکریوں سے کم ہیں لیکن رائٹرز کے معاشی ماہرین کے پول میں متوقع 130,000 سے زیادہ ہیں۔

اب توجہ بدھ کو جاری ہونے والے مہنگائی کے اعدادوشمار کی طرف مرکوز ہے۔

ایس ایم بی سی کے ہیڈ آف ایشیا میکرو اسٹریٹیجی، جیف نگ کے مطابق، پیر کو بازار ”مخلوط صورتحال“ کا سامنا کر رہے ہیں کیونکہ وہ تجارتی اور امریکی معیشت کی بہتری کی امیدوں کو کیلیفورنیا میں ممکنہ سماجی انتشار کے خدشات کے ساتھ متوازن کر رہے ہیں۔

جیف نگ نے کہا کہ اگر تجارتی مذاکرات میں کوئی پیشرفت ہوتی ہے تو وہ بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہے لیکن مارکیٹس نے اس حوالے سے زیادہ بڑی کامیابی کی توقعات نہیں لگائی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران ہم اس بات سے بھی آگاہ ہیں کہ امریکہ میں لاس اینجلس میں احتجاج جاری ہے اور نیشنل گارڈ بھی طلب کئے جارہے ہیں لہٰذا ہمیں ممکنہ واقعات کے خطرات پر بھی نظر رکھنی ہوگی۔

اسپاٹ گولڈ 0.2 فیصد کمی کے ساتھ $3,303.19 فی اونس پر آ گیا۔

امریکی کروڈ آئل دو روزہ منافع کے بعد تقریباً 64.56 ڈالر فی بیرل پر مستحکم رہا۔

Comments

200 حروف