فوج کے میڈیا ونگ نے پیر کے روز بتایا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں انٹیلی جنس پر مبنی دو الگ الگ کارروائیوں میں کم از کم چھ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں 20 اور 21 اپریل کے درمیان کارروائیاں کی گئیں۔
شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشت گردوں کی مبینہ موجودگی پر کی گئی پہلی کارروائی میں 5 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر بھرپور حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی ایک اور کارروائی میں ایک اہم عسکریت پسند کمانڈر ذبیح اللہ عرف ذکران مارا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والا عسکریت پسند سیکورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو نشانہ بنانے والے متعدد حملوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتہائی مطلوب فہرست میں شامل تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کلین اپ آپریشنز جاری ہیں تاکہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ مسلح شرپسندوں کا خاتمہ کیا جاسکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے اور ملک بھر میں امن کی بحالی کے مشن پر قائم ہیں۔
























Comments
Comments are closed.