محکمہ موسمیات کی کراچی میں 23 اپریل تک ہیٹ ویو کی پیش گوئی
- دن کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان
پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے پیر کے روز کہا ہے کہ کراچی میں آج سے ہیٹ ویو کا آغاز متوقع ہے، جس کے دوران دن کے وقت درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمے کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ یہ ہیٹ ویو بدھ، 23 اپریل تک جاری رہ سکتی ہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام، بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور دن کے وقت براہِ راست دھوپ سے بچنے کے ساتھ ساتھ خود کو ہائیڈریٹ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
علاوہ ازیں، محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ صوبے کے بیشتر حصوں میں گرم/انتہائی گرم اور خشک موسم رہنے کا امکان ہے۔
اتوار کے روز، پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے چیئرمین الطاف شکور نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر بھرپور شجرکاری مہم نہ چلائی گئی تو مزید شدید ہیٹ ویوز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میگا سٹی (کراچی) کو لاکھوں نئے درختوں کی ضرورت ہے، اور اس کے لیے حکومتی و عوامی سطح پر فوری اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
الطاف شکور نے کہا کہ شہری جنگلات (اربن فاریسٹری) اس مسئلے کا حل ہیں، کیونکہ اس ماڈل کے تحت بڑی تعداد میں درخت لگائے جا سکتے ہیں۔
























Comments
Comments are closed.