ٹیکسٹائل مینوفیکچرر سیفائر فائبرز لمیٹڈ (ایس ایف ایل) نے بدھ کو یو سی ایچ پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور یو سی ایچ ٹو پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں 50 فیصد شیئرز خریدنے کی کارروائی میں پیشرفت کی اور اعلان کیا کہ یہ ٹرانزیکشن عمل میں ہے جس میں شیئرز کی منتقلی ایس ایف ایل کے نام پر کی جارہی ہے۔

دھاگے، کپڑے اور گارمنٹس بنانے والی کمپنی نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

یاد رہے کہ جولائی 2024 میں سیفائر فائبرز لمیٹڈ (ایس ایف ایل) نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں قائم دونوں کمپنیوں، یو پی ایل ایچ سی I لمیٹڈ اور یو پی ایل ایچ سی II لمیٹڈ، کے ساتھ معاہدہ کیا تھا تاکہ یو سی ایچ پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے 50 فیصد شیئرز خریدے جائیں، جو مکمل طور پر ان دونوں کمپنیوں کی زیر ملکیت ہیں۔

سیفائر فائبرز لمیٹڈ نے بتایا کہ اس کے کنسورشیم پارٹنر نے یو سی ایچ پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے باقی 50 فیصد شیئرز خریدنے کے لیے اسی نوعیت کا معاہدہ کیا ہے۔

اسی طرح ایس ایف ایل نے انٹرنیشنل پاور یو سی ایچ ہولڈنگز بی وی کے ساتھ بھی معاہدہ کیا تھا، جو نیدر لینڈز میں قائم ایک کمپنی ہے، تاکہ یو سی ایچ ٹو پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے 50 فیصد شیئرز خریدے جائیں، جو مکمل طور پر انٹرنیشنل پاور یو سی ایچ ہولڈنگز بی وی کی زیر ملکیت ہیں۔

ایس ایف ایل نے جولائی 2024 میں اپنے نوٹس میں آگاہ کیا تھا کہ معاہدوں میں متوقع ٹرانزیکشنز کی تکمیل مذکورہ معاہدوں میں بیان کردہ شرائط کی تکمیل اور ضروری منظوریوں کی وصولی پر منحصر ہے۔

Comments

200 حروف