دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور ہفتے کے روز روم میں منعقد ہوا جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کی جبکہ اطالوی وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل ریکارڈو گوریگلیا نے کی۔
مشاورت کے دوران فریقین نے تجارت، معیشت، ترقی، زراعت، دفاع، اعلیٰ تعلیم اور عوامی سطح پر رابطوں سمیت تعاون کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے ان شعبوں میں مزید توسیع کے وسیع امکانات پر زور دیا۔
فریقین نے متعدد بین الاقوامی اور علاقائی امور پر یکساں خیالات اور اقوام متحدہ میں قریبی تعاون کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان برسلز میں نویں انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ کا انعقاد ہوا جس میں ہر قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات 2019 کے وسیع تر اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کا حصہ ہیں، جس میں علاقائی اور عالمی سلامتی کے چیلنجز بشمول افغانستان اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے مضمرات پر توجہ مرکوز کی گئی۔























Comments
Comments are closed.