فروری میں مہنگائی کی شرح 2 سے 3 فیصد رہنے کا امکان
- مہنگائی میں کمی، سازگار مالیاتی پالیسی کاروباری اعتماد کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی، وزارت خزانہ
وزارت خزانہ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق فروری 2025 میں مجموعی مہنگائی کی شرح 2 سے 3 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے جب کہ مارچ میں یہ شرح 3 سے 4 فیصد تک بڑھ سکتی ہے۔
وزارت نے اپنے ماہانہ اقتصادی اپ ڈیٹ اور آؤٹ لک میں کہا ہے کہ مہنگائی میں کمی اور سازگار مالیاتی پالیسی کاروباری اعتماد کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی جس سے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ (ایل ایس ایم) کی بحالی کو تقویت ملے گی۔
رپورٹ کے مطابق فروری 2025 میں مہنگائی کی شرح 2 سے 3 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے تاہم مارچ 2025 میں اس میں معمولی اضافہ ہو کر 3 سے 4 فیصد تک پہنچنے کے امکانات ہیں۔
پاکستان میں مہنگائی ایک اہم اور مستقل معاشی چیلنج رہی ہے۔ مئی 2023 میں سی پی آئی افراط زر کی شرح 38 فیصد کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی تاہم اس کے بعد سے یہ مسلسل کمی کی جانب گامزن ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2025 کے دوران پاکستان میں مہنگائی کی شرح سالانہ 2.4 فیصد رہی جو دسمبر 2024 کے مقابلے میں 4.1 فیصد کم ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے پالیسی ریٹ کو مزید 100 بی پی ایس کم کرکے 12 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ مجموعی طور پر جون 2024 کے بعد سے پالیسی ریٹ میں 1000 بی پی ایس کی کمی کی گئی ہے۔
ماہانہ نقطہ نظر میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ توقعات کے مطابق افراط زر کے نتائج پر مبنی ہے جس میں معتدل مقامی طلب کے حالات اور معاون رسد کی حرکیات کی حمایت حاصل ہے۔
بیرونی اکاؤنٹ
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیرونی محاذ پر برآمدات، درآمدات اور ترسیلات زر میں اضافے کا رجحان برقرار رہنے کی توقع ہے۔
آنے والے مہینوں میں رمضان، عیدالفطر اور عید الاضحی کی وجہ سے ترسیلات زر میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ اسی طرح معاشی سرگرمیوں میں اضافے کی وجہ سے برآمدات اور درآمدات میں بہتری کا امکان ہے۔
یہ تمام عوامل سی اے ڈی کو قابل انتظام حدود کے اندر رکھنے میں مدد کریں گے۔
زراعت اور ایل ایس ایم
وزارت خزانہ نے خبردار کیا ہے کہ نسبتاً خشک حالات ربیع کی فصلوں، خاص طور پر بارانی علاقوں میں گندم کے لیے پانی کی کمی کا سبب بن سکتے ہیں۔
دوسری جانب ایل ایس ایم سیکٹر کی حالیہ ماہانہ کارکردگی آئندہ مہینوں میں ممکنہ بحالی کی نشاندہی کرتی ہے۔
جنوری میں ایل ایس ایم کی نمو کو مشینری اور خام مال کی بڑھتی ہوئی درآمدات کے ساتھ سیمنٹ کی ترسیلات میں اضافے سے سہارا ملنے کی توقع ہے۔
دریں اثنا، بروکریج ہاؤس جے ایس گلوبل نے جمعرات کو پیش گوئی کی ہے کہ فروری 2025 میں پاکستان کی ہیڈ لائن افراط زر 2.3 فیصد تک گر جائے گی، جو اس سے پچھلے مہینے میں ریکارڈ کیے گئے 2.4 فیصد کے مقابلے میں قدرے کم ہے۔























Comments
Comments are closed.