وزیراعظم شہباز شریف 3 اور 4 دسمبر کو ہونے والی ون واٹر سمٹ میں شرکت کیلئے کل سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ یہ بات دفترخارجہ کے ایک جاری بیان میں کہی گئی ہے۔
ون واٹر سمٹ سعودی عرب، فرانس، قازقستان اور عالمی بینک کا مشترکہ اقدام ہے۔ اس کا مقصد اعلی سطح سیاسی وعدوں کے ذریعے عالمی تعاون اور آبی وسائل کے انتظام کے لئے ایک مربوط بین الاقوامی نقطہ نظر کو فروغ دینا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سمٹ میں وزیراعظم گول میز کانفرنس سے خطاب کریں گے جس میں میٹھے پانی کے وسائل اور آبی ذخائر کے تناظر میں بحالی، تحفظ اور موافقت پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی جانب سے پانی کے تحفظ کو فروغ دینے،موسمیاتی تبدیلیوں سے نمنٹے کے نظام کو مضبوط بنانے، پانی کے معیار کو بہتر بنانے، ذریعہ معاش پیدا کرنے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے کئے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔
اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم پاکستان آب و ہوا کی وجہ سے آنے والے سیلابوں، بے ترتیب اور شدید موسمی حالات اور آبی وسائل اور ماحولیاتی نظام پر گرمی کے دباؤ کے اثرات سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف پائیدار آبی وسائل کے انتظام کے لئے بامعنی بین الاقوامی تعاون پر بھی زور دیں گے۔
اجلاس کے سائیڈ لائن پر وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں اور مصروفیات متوقع ہیں۔





















Comments
Comments are closed.