پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکن گرفتار: علی امین گنڈاپور، بشریٰ بی بی کی قیادت میں قافلہ دارالحکومت کی جانب گامزن
- حکومت کا اسلام آباد کے تحفظ کا عزم، دارالحکومت جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جیل میں قید بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے ہزاروں پرجوش حمایتیوں نے اتوار کو وفاقی دارالحکومت کی جانب ”فیصلہ کن“ طویل مارچ کا آغاز کردیا ہے اور حکومت کی جانب سے ان کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے لگائے گئے تمام رکاوٹوں کو ہٹادیا۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں بالخصوص وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پارٹی کے صوبائی صدر، عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ملک بھر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے دیگر سینئر رہنماؤں کے قافلے اتوار کی رات دیر گئے تک ڈی چوک کی جانب رواں دواں تھے۔
لانگ مارچ کو ناکام بنانے کے لیے پولیس نے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے سیکڑوں حامیوں کو گرفتار کرلیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ان کے تین مطالبات یعنی جیلوں سے پی ٹی آئی کے سیاسی رہنماوں کی رہائی، 26 ویں آئینی ترمیم کا خاتمہ اور پی ٹی آئی کے ’چوری شدہ مینڈیٹ‘ کی واپسی کو پورا کرے۔
یاد رہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو اسلام آباد میں 24 نومبر کو بڑے پیمانے پر احتجاج کی ’فائنل کال‘ دی تھی۔
اتوار کو سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں بالخصوص خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کے قافلے عمران خان کی کال پر احتجاج کرنے کیلئے اسلام آباد کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
صوبائی وزیر پختون یار خان نے بتایا کہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اسلام آباد آنے والے قافلے کا حصہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے قافلے کی قیادت وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کر رہے ہیں۔
پنجاب میں پی ٹی آئی کے مظاہرین اور پولیس کے درمیان متعدد مقامات پر جھڑپیں ہوئیں۔ اسلام آباد کے علاقے فیض آباد سے 16 افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
پولیس نے علاقے میں جمع ہونے والے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کا بھی استعمال کیا۔
نیکٹا الرٹ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
نیکٹا کی جانب سے جاری بیان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہائی الرٹ رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے دوران فتنہ الخوارج کی جانب سے دہشت گردی کا قابل اعتماد خطرہ ہے۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پارٹی نے عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ”غلامی کی زنجیروں کو توڑنے“ کے لئے مارچ میں حصہ لیں۔
احتجاج کے جواب میں حکومت نے بڑی تعداد میں سکیورٹی فورسز تعینات کی ہیں، اہم سڑکوں کو سیل کر دیا ہے اور دارالحکومت کے ارد گرد رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج میں حصہ لینے والے کسی بھی شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی کیونکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسے غیر قانونی قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ کسی بھی سطح پر کوئی رابطہ نہیں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی تعمیل میں پی ٹی آئی کے چیئرمین گوہر علی خان سے صرف ایک بار رابطہ کیا گیا تھا اور انہیں بتایا گیا ہے کہ یہ احتجاج غیر قانونی ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج میں حصہ لینے والے کسی بھی شخص کو گرفتار کیا جائے گا اور قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور پنجاب پولیس دونوں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کے دشمنوں کی زبان بولتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر توجہ دیں۔
اسلام آباد کو سیل کر دیا گیا
دریں اثنا اسلام آباد میں ریڈ زون، فیض آباد، ایکسپریس وے، کشمیر ہائی وے، جناح ایونیو، آئی جے پی روڈ، مری روڈ اور شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر شپنگ کنٹینرز لگا دیے ہیں۔
سٹی پولیس نے سیکورٹی کو ہائی الرٹ کردیا اور دارالحکومت کے مختلف مقامات پر چیکنگ جاری رکھی ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ عثمان اشرف کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 5 یا اس سے زائد افراد کے تمام عوامی اجتماعات، جلوسوں، ریلیوں اور مظاہروں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔





















Comments
Comments are closed.