وزیراعظم کی بشکیک میں پاکستانی سفیر کو طلبہ کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ان کا آفس کرغزستان کے شہر بشکیک میں پاکستان کے سفارت خانے سے رابطے میں ہے اور تمام صورت حال کی مانیٹرنگ کررہا ہے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی سفیر کو طلبہ کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کردی۔

دریں اثنا، کرغزستان میں پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانی طلباء کو گھر میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
بشکیک میں گزشتہ شام سے غیر ملکی طالب علموں کے خلاف تشدد کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔
کرغیز میڈیا کے مطابق 13 مئی کو کرغیز طالب علموں اور مصر سے تعلق رکھنے والے طبی طالب علموں کے درمیان لڑائی کی ویڈیوز آن لائن شیئر کرنے کی وجہ سے یہ معاملہ گزشتہ روز سامنے آیا۔

پاکستانی سفارت خانے نے کہا کہ بشکیک میں میڈیکل یونیورسٹیوں کے چند ہاسٹلز اور پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کی نجی رہائش گاہوں پر حملے کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے متعدد طالب علموں کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پاکستانی طالب علموں کی مبینہ موت کے بارے میں سوشل میڈیا پوسٹوں کے باوجود ہمیں اب تک کوئی مصدقہ رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے ایمرجنسی نمبروں کے ذریعے پاکستان میں 250 سے زیادہ طلباء اور ان کے اہل خانہ سے رابطہ کرنے میں کامیاب رہے۔
مزید برآں کرغیز حکومت نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی طالب علم کی ہلاکت کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا اور صورتحال قابو میں ہے۔
کرغیز حکام کے ساتھ رابطے قائم
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے کرغز حکام سے رابطہ کیا ہے تاکہ پاکستانی طلباء کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے

نائب وزیر اعظم نے ایکس پر پوسٹ میں طلباء پر پر تشدد ہجوم کے حملوں کی رپورٹس کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستانی طلباء کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کرغز حکام سے رابطہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کرغزستان میں پاکستان کے سفیر کو انہیں مکمل سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کرغیز حکام کا اظہارافسوس
دفتر خارجہ نے ایک تازہ ترین بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کرغیز حکام نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور تحقیقات کرنے اور مجرموں کو سزا دینے کا عہد بھی کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سفارتخانے نے ایمرجنسی ہیلپ لائنز کھولی ہیں اور طلبہ اور ان کے اہل خانہ کے سوالات کے جوابات دیے ہیں۔
سفیر حسن علی ضیغم کرغیز حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔
کرغیز وزارت صحت کے مطابق چار پاکستانیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ ایک زیر علاج ہے۔
علاوہ ازیں کرغیز سفارت خانے کے چارج ڈی افیئرز میلس مولدالیف کو ڈائریکٹر جنرل (ای سی او اینڈ سی اے آرز) اعزاز خان نے ڈی مارچ کے لیے دفتر خارجہ طلب کرلیا۔
اعزاز خان نے ان رپورٹس پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور مولدالیف پر زور دیا کہ کرغیز حکومت ملک میں مقیم پاکستانی طلباء اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے۔
یاد رہے کہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کے مقامی اور غیر ملکی طلبہ میں جھگڑے کے بعد ہنگامہ آرائی ہوئی، پاکستانی طلبہ بھی ہنگاموں کی زد میں آگئے اور مشتعل کرغز طلبہ نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملے کر دیئے جن میں متعدد طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
























Comments
Comments are closed.