عدالتی امور میں مبینہ مداخلت،حکومت ایکشن لے،سپریم کورٹ
سپریم کورٹ نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ عدلیہ کی آزادی کو یقینی بنائے ۔ منگل کے روز عدالت عظمیٰ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججوں کی جانب سے عدالتی امور میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مداخلت کے الزامات سے متعلق کیس کی دوبارہ سماعت شروع کی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے اس معاملے کا ازخود نوٹس لیا تھا۔
یہ کارروائی سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اور اس کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کی جارہی ہے۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے دلائل پیش کرنے کے لیے مزید مہلت کی استدعا کی کیونکہ انہیں 30 اپریل کی سماعت کی کاپی نہیں ملی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کو آج (منگل کو) حکم دیا گیا تو وہ کل (بدھ) تک اپنا جواب داخل کرسکے گی۔
گزشتہ سماعت میں جسٹس اطہر من اللہ نے کہا تھا کہ ریاست کو ججوں کا تحفظ کرنے کے ساتھ ساتھ عدلیہ کی آزادی کا بھی تحفظ کرنا ہے۔
پس منظر
مارچ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے6 ججوں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھ کر عدالتی کاموں میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مداخلت کے بارے میں رہنمائی طلب کی تھی۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے مذکورہ ججوں کے خط پر از خود نوٹس لیا جس میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کی جانب سے عدالتی کام میں مداخلت اور دھمکیوں کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنی اپنی عدالتوں میں فل کورٹ اجلاس منعقد کئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ مستقبل میں ان کے عدالتی کام میں اس طرح کی کسی بھی مداخلت کی صورت میں ادارہ جاتی جواب دیا جائے گا۔























Comments
Comments are closed.