وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے گندم کی دستیابی یقینی بنانے اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے گندم کی درآمد کی حد بڑھا کر 25 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے جمعہ کو ہونے والے ورچوئل اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے لیے گندم کی درآمد کی حد اصولی طور پر بڑھا کر 25 لاکھ میٹرک ٹن تک کرنے کی منظوری دے دی گئی تاکہ گندم کی وافر دستیابی یقینی بنائی جا سکے، مارکیٹ میں قیمتیں مستحکم رہیں اور آئندہ فصل کی کٹائی کے موسم تک صوبوں کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
یہ فیصلہ وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر تفصیلی غور و خوض کے بعد کیا گیا جس میں گندم کی درآمد کی پہلے سے منظور شدہ حد 10 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھا کر 25 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ اس فیصلے کی توثیق کے لیے اسے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں نے ابتدا میں گندم کی درآمد کی ضرورت کا تخمینہ 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن لگایا تھا جسے بعد ازاں صوبوں نے خود کم کرکے 5 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن کر دیا۔ تاہم حالیہ دنوں میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے اور سرکاری ذخائر سے گندم کے اجرا میں اضافے کی ضرورت کے پیشِ نظر صوبوں نے اپنی ضروریات کا ازسرِنو جائزہ لیا جس کے نتیجے میں گندم کی مجموعی درآمدی طلب بڑھ کر تقریباً 17 لاکھ میٹرک ٹن ہو گئی ہے۔ اس میں پنجاب کے لیے 9 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن، سندھ کے لیے 4 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن (تصدیق سے مشروط) اور خیبر پختونخوا کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن شامل ہیں۔ بلوچستان کی ضروریات پاسکو کے دستیاب ذخائر سے پوری کی جائیں گی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اتفاق کیا کہ درآمدی حد بڑھا کر 25 لاکھ میٹرک ٹن کرنے سے صوبوں کی اضافی ضروریات یا دستیاب ذخائر میں کمی پوری کرنے کے لیے خاطر خواہ گنجائش میسر آئے گی اور اس مقصد کے لیے بار بار منظوری لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ درآمد کی جانے والی گندم کی اصل مقدار کا تعین صوبوں کی مصدقہ ضروریات اور مارکیٹ کی موجودہ صورتحال کے مطابق کیا جائے گا۔
کمیٹی نے منظوری دی کہ درآمدی گندم کی خریداری، مال برداری، انشورنس، نقل و حمل، بندرگاہ کے اخراجات، ٹیکسوں، ڈیوٹیز اور دیگر متعلقہ اخراجات سمیت تمام لاگت موجودہ مالی انتظامات کے تحت متعلقہ صوبائی حکومتیں برداشت کریں گی۔ صوبے تحریری طور پر اپنی ضروریات کی تصدیق کریں گے اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق پیشگی ادائیگی یا بینکنگ کے مناسب انتظامات یقینی بنائیں گے۔


Comments