کاروباری اعتماد بدترین سطح پر
- او آئی سی سی آئی کے تازہ ترین کاروباری سروے میں کاروباری اعتماد کے حوالے سے حیران کن حد تک منفی رجحانات سامنے آئے ہیں
او آئی سی سی آئی کے تازہ ترین کاروباری سروے میں کاروباری اعتماد کے حوالے سے حیران کن حد تک منفی رجحانات سامنے آئے ہیں۔ ویو 30 میں کاروباری اعتماد 36 فیصد پوائنٹس کی کمی کے بعد منفی 23 فیصد پر آگیا، جو مئی 2023 کے بعد سب سے کم سطح ہے۔ اس کمی کی بنیادی وجوہات میں مہنگائی، ٹیکسوں اور توانائی کی قلت سے متعلق خدشات شامل ہیں، جن میں پالیسی غیر یقینی صورتحال اور علاقائی کشیدگی نے مزید شدت پیدا کی ہے۔
حیران کن بات یہ ہے کہ او آئی سی سی آئی کے ارکان، جن میں زیادہ تر کثیرالقومی کمپنیاں (ایم این سیز) شامل ہیں، کے کاروباری اعتماد میں مجموعی کاروباری برادری کے مقابلے میں زیادہ منفی رجحانات سامنے آئے ہیں۔ او آئی سی سی آئی کے منتخب ارکان کے اظہار کردہ کاروباری اعتماد میں 55 پوائنٹس کی نمایاں کمی ہوئی، جس کے بعد یہ منفی 27 فیصد پر آگیا۔
حکام بالخصوص وزیر خزانہ، کو اس صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ اس کے باوجود کہ عوامی قرضوں کے جی ڈی پی سے تناسب میں کمی اور اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے باعث مجموعی معاشی صورتحال بہتر ہوئی ہے، ذخائر اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں اور اس کے نتیجے میں ملکی خودمختار کریڈٹ ریٹنگز میں بھی بہتری آئی ہے، لیکن سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال نہیں ہو رہا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بنیادی معاشی نظم و ضبط اور استحکام حاصل کرنا ہی کاروباری اعتماد بڑھانے کے لیے کافی نہیں۔
کثیرالقومی کمپنیوں کے منفی رجحانات کی جزوی وضاحت عالمی اور علاقائی حالات میں بگاڑ سے بھی کی جاسکتی ہے۔ یورپ میں بڑھتے ہوئے فسادات کے باعث صورتحال متاثر ہو رہی ہے، جبکہ علاقائی جنگ کی وجہ سے توانائی کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ وقت کی اہمیت بھی ہے، کیونکہ گزشتہ سروے کے وقت پاکستان علاقائی تنازع حل کرنے میں اپنے کردار کے باعث عالمی توجہ کا مرکز تھا۔ تاہم اس کے بعد صورتحال مزید خراب ہوگئی۔ پھر بعض اقدامات، مثلاً اسلام آباد میں پلاسٹک پر اچانک پابندی، کو بھی اچھا نہیں سمجھا گیا۔ اگرچہ پابندی واپس لے لی گئی، لیکن اس کا ناخوشگوار تاثر برقرار رہا۔
کہیں سے بھی کوئی مثبت خبر سامنے نہیں آرہی۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان میں کاروبار کرنے والی غیرملکی کمپنیاں اپنی مایوسی کا اظہار کر رہی ہیں، کیونکہ مجموعی نظام نتائج فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) عملاً غیر فعال ہوچکا ہے، جبکہ ایس آئی ایف سی بھی خاطرخواہ نتائج نہیں دے رہا۔ اور اگر ٹیکس کی شرحوں میں معمولی کمی کی جاتی ہے تو ٹیکس ریفنڈز میں تاخیر اس ریلیف کو ختم کردیتی ہے۔
کاروبار اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔ معیشت کے تین بڑے شعبوں میں خوردہ اور تھوک تجارت کے شعبے میں کاروباری اعتماد کی سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی، جو 45 فیصد پوائنٹس کی کمی کے بعد اس سطح پر پہنچا، جبکہ مینوفیکچرنگ میں 34 فیصد پوائنٹس اور خدمات کے شعبے میں 31 فیصد پوائنٹس کی کمی ہوئی۔
اصل چیلنج معاشی طلب کو بحال کرنا ہے۔ معیشت کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) سے نکال کر اسپتال کے کمرے میں منتقل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، اصل سوال یہ ہے کہ معیشت دوبارہ صحت مند کب ہوگی۔ اشیا اور خدمات کی طلب میں کمی آرہی ہے، جس کا واضح اظہار خوردہ فروشوں کی مایوسی سے ہوتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ غیرملکی کاروباری اداروں کی فراہم کردہ اشیا اور خدمات کی طلب میں اضافہ نہیں ہو رہا، جبکہ اخراجات بڑھ رہے ہیں۔
مسئلہ بلند مہنگائی اور روزگار میں کمی کا ہے، جس کے نتیجے میں طلب گھٹ رہی ہے اور اس کے بعد صنعتکاروں کی پیداوار بھی کم ہو رہی ہے۔ روزگار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے توقعات منفی ہوگئی ہیں، اگرچہ کاروبار میں توسیع کی توقعات معمولی حد تک مثبت رہی ہیں۔
یہ سروے وسیع بنیادوں پر کیا گیا ہے اور اس میں ایسے شرکا شامل ہیں جو جی ڈی پی کے 80 فیصد کی نمائندگی کرتے ہیں۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور فیصل آباد سمیت اہم شہروں کے بڑے شعبوں کو زیادہ وزن دیا گیا ہے۔ ان بڑے شہروں میں کاروباری اعتماد 32 پوائنٹس کی کمی کے بعد منفی 11 فیصد پر آگیا۔ تاہم، چھوٹے شہروں میں یہ گراوٹ زیادہ شدید ہے۔
کاروباری اعتماد میں بگاڑ کی وجہ بلند مہنگائی، بالخصوص توانائی کی قیمتیں ہیں، جو کاروبار کرنے کی لاگت میں اضافہ کر رہی ہیں۔ سروے میں شامل 78 فیصد افراد نے موجودہ کاروباری صورتحال کے بارے میں منفی رائے کا اظہار کیا۔ حکومت اب بھی ساختی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہے، خصوصاً ٹیکسوں کے معاملے میں۔ ٹیکس کی شرحوں میں معمولی کمی خوش آئند ہے، لیکن ایف بی آر پر بلند اہداف حاصل کرنے کے لیے مسلسل دباؤ کے نتیجے میں ٹیکس ریفنڈز کم مل رہے ہیں، جس سے رسمی شعبے میں کام کرنے والے کاروباروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اس کے علاوہ تجارت سے متعلق اخراجات، یعنی مال برداری اور بیمہ کے پریمیم بھی بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں۔ تیل کی کمپنیوں کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حکومت کی بدلتی پالیسیوں کے باعث مسائل کا سامنا ہے۔ اسی طرح، آٹو اور ریفائنری پالیسیوں میں بار بار تبدیلیاں ان شعبوں میں کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔
مختصراً، کارپوریٹ شعبے کے لیے کوئی خاص سہولت موجود نہیں۔ ان کے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جس کی عکاسی سروے میں بھی ہوتی ہے۔ کاروباری اعتماد کی بحالی کے لیے معیشت کی بحالی بھی ضروری ہے۔ چنانچہ روزگار پیدا کیے بغیر اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کیے بغیر کاروباری رجحانات بدستور مایوس کن رہ سکتے ہیں۔


Comments