افغانستان سے ہتھیاروں کی آمد نے پاکستان میں دہشت گردی بڑھائی،بلاول
- پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں اور حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، سابق وزیر خارجہ
سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان سے امریکی انخلا اور اس کے بعد خطے میں ہتھیاروں کی آمد کو انتہائی تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کو جدید اسلحے تک رسائی حاصل ہوگئی ہے، جو پاکستان میں حملوں کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اتوار کو سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ٹی آر ٹی ورلڈ کے پروگرام ’اسٹریٹ ٹاک‘ کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول نے کہا کہ امریکی انخلا کے بعد بڑی تعداد میں چھوڑے گئے ہتھیار اور گولہ بارود غیر قانونی اسلحہ کی منڈیوں میں پہنچ گئے، جس سے دہشت گرد گروہوں کو جدید ہتھیار حاصل کرنے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں اور حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کا تعلق امریکی انخلا اور ہتھیاروں کی آمد سے جوڑا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض دہشت گرد گروہوں اور جرائم پیشہ گروہوں کے پاس ایسے جدید ہتھیار موجود ہیں جو ان کا مقابلہ کرنے والی پولیس فورسز کے پاس بھی نہیں ہیں۔
سابق وزیر خارجہ نے افغانستان میں دہشت گرد اور انتہا پسند گروہوں کی مسلسل موجودگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ افغان حکومت یا تو ان سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتی یا اس کے پاس ایسا کرنے کی آمادگی نہیں ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس صورتحال کے نتائج صرف پاکستان تک محدود نہیں رہ سکتے بلکہ مستقبل میں دیگر ممالک کو بھی اسی نوعیت کے سکیورٹی خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کا کردار
امریکا اور ایران کے تنازع پر بلاول نے کہا کہ پاکستان واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے کی کوششوں میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امن عمل میں تاخیر کے باوجود دونوں ممالک بالآخر کسی معاہدے پر پہنچ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان ابتدائی جنگ بندی کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور سفارتی رابطوں میں سہولت فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
بلاول نے کہا کہ وہ خود بھی چاہتے تھے کہ مذاکراتی عمل اب تک مکمل ہو چکا ہوتا، تاہم ایسا نہیں ہوسکا۔ ان کے مطابق اسلام آباد اب بھی کسی ممکنہ معاہدے کے لیے پُرامید ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے اور تنازع اپنے موجودہ دائرے سے باہر پھیل سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران، دونوں کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کے وسیع تر مفاد میں بھی تنازع کا حل ضروری ہے۔
جنگ کے وسیع تر اثرات کا ذکر کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ دنیا بھر کے عوام اس کے معاشی اخراجات برداشت کر رہے ہیں، جن میں ایندھن اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی، اقتصادی ترقی کی رفتار میں کمی اور غربت میں اضافہ شامل ہیں۔
امریکا اور چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات
واشنگٹن اور بیجنگ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پاکستان تاریخی طور پر بلاک سیاست سے گریز کرتا رہا ہے اور بڑی طاقتوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔
چین کو پاکستان کا آئرن برادر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حکومتوں اور عوام کی سطح پر دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مختلف ادوار کے دوران اتار چڑھاؤ آتا رہا ہے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سفارت کاری اور اسٹریٹجک شعبوں میں اہم روابط موجود ہیں۔
بلاول نے کہا کہ پاکستان واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان کشیدگی بڑھانے کے بجائے دونوں کے درمیان رابطوں اور تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی انتظامیہ کا موجودہ جغرافیائی سیاسی نقطہ نظر زیادہ روابط اور تعاون کے مواقع پیدا کرسکتا ہے۔
عالمی طاقتوں کے بدلتے توازن پر مؤقف
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ممکنہ رابطوں پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ وہ بڑی طاقتوں کے درمیان تصادم کے بجائے تعاون کے حامی ہیں۔
انہوں نے ممکنہ یالٹا 2.0 سے موازنہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ قبل از وقت ہوگا کہ ایسے روابط چھوٹی اور درمیانی طاقتوں کے مفادات کو نقصان پہنچائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑی طاقتوں کے درمیان زیادہ تعاون عالمی اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دے سکتا ہے اور عالمی برادری کے مختلف ممالک کو فائدہ پہنچا سکتا ہے۔
بلاول نے ایک بار پھر زور دیا کہ پاکستان کو متحارب طاقتوں کے بلاکس میں شامل ہونے سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق ابھرتی ہوئی کثیر قطبی دنیا میں پاکستان کا کردار درمیانی طاقتوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر مرکوز ہونا چاہیے۔


Comments