بحرین میں ایرانی حملے سے صنعتی تنصیب متاثر، فضائی دفاع نے متعدد حملے ناکام بنا دیے
- بحرین میں امریکی بحریہ کا پانچواں بیڑا بھی موجود ہے۔ یہ واقعات فروری میں امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد خطے میں جاری کشیدگی میں تازہ اضافہ ہیں
بحرین نے ہفتے کو بتایا کہ ایرانی حملے کے نتیجے میں ایک شہری صنعتی تنصیب میں آگ لگ گئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب ایران کے پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ انہوں نے بحرین میں امریکی فوجی ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
بحرین میں امریکی بحریہ کا پانچواں بیڑا بھی موجود ہے۔ یہ واقعات فروری میں امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد خطے میں جاری کشیدگی میں تازہ اضافہ ہیں۔
بحرین کی وزارت داخلہ کے مطابق شہری دفاع کی ٹیمیں صنعتی تنصیب میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی کر رہی ہیں۔ حکام نے متاثرہ مقام یا تنصیب کی نوعیت سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
وزارت داخلہ نے ابتدا میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر شہریوں کو قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی، تاہم بعد میں خطرہ ٹلنے کا اعلان کردیا۔
بحرین کی دفاعی فورس نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے متعدد ایرانی فضائی حملے روک دیے۔ ان حملوں کو ناکام بنانے کے دوران گرنے والے ملبے سے مالی نقصان ہوا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق پاسداران انقلاب نے امریکی فوجی اڈوں الرفاع اور عوالی کو نشانہ بنایا۔ ایران نے حملوں کو اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں اور جاری جارحیت کا جواب قرار دیا۔
بحرین نے حالیہ دنوں میں بھی متعدد ایرانی فضائی حملے روکنے کی اطلاع دی ہے۔


Comments