وزارتِ تجارت کی جانب سے زیورات کی برآمدات کے لیے مالیت میں اضافے (ویلیو ایڈیشن) کی شرح فیصد کے بجائے فی گرام مقررہ ڈالر نرخ متعارف کرانے کی تجویز بظاہر ایک سادہ طریقہ کار وضع کرنے کی کوشش دکھائی دیتی ہے، تاہم اس تجویز نے جوابات سے زیادہ نئے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
چوڑیاں اور چینز کے لیے فی گرام کم از کم ڈیڑھ ڈالر، دیگر سادہ زیورات کے لیے 2 ڈالر اور نگینوں سے جڑے زیورات کے لیے 4 ڈالر مالیت میں اضافے کی حد مقرر کرنے سے برآمد کنندگان کو اس بارے میں بہت کم وضاحت ملتی ہے کہ نظرثانی شدہ نظام کس طرح کام کرے گا، ان نرخوں کا تعین کن بنیادوں پر کیا گیا ہے اور ملک کو اس سے کیا فائدہ حاصل ہوگا۔ یہ تجویز اب کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے سامنے ہے، تاہم بظاہر اس حوالے سے ضروری وضاحتیں ابھی پیش کی جانی باقی ہیں۔
موجودہ قواعد ایس آر او 760(آئی)/2013 کے تحت زیورات کی تینوں اقسام کے لیے بالترتیب 8، 12 اور 13 فیصد کم از کم ویلیو ایڈیشن (مالیت میں اضافے) کی شرط عائد کرتے ہیں۔ برآمد کنندگان کا مؤقف ہے کہ ان شرح کو سونے کی عالمی قیمتوں سے منسلک کرنے کے باعث ان پر مالی بوجھ بڑھ گیا ہے حالانکہ زیورات کی تیاری میں ہونے والا کام مجموعی طور پر تقریباً وہی رہتا ہے۔ اس شکایت پر غور کیا جانا چاہیے۔ تاہم، نئے ڈالر نرخوں کا اطلاق اور ان کی تصدیق آخر کس طرح کی جائے گی؟ کیا حساب کتاب میں سونے کا خالص وزن، زیورات کا مجموعی وزن یا خالص پن اور نگینوں کا وزن نکالنے کے بعد قیمتی دھات کی اصل مقدار شمار کی جائے گی؟ کسٹمز حکام حقیقی پیداواری مالیت اور ہیر پھیر پر مبنی انوائسز میں فرق کیسے کریں گے؟ اور کون سا آزادانہ ڈیٹا اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ یہ مخصوص نرخ تجارتی حقائق سے مطابقت رکھتے ہیں؟
اس تجویز کی وضاحت میں افرادی قوت اور مزدوری کا پہلو خاص طور پر نمایاں طور پر نظرانداز کیا گیا ہے۔ زیورات کی تیاری میں ہنرمندی، ڈیزائننگ، فنشنگ اور نگینوں سے جڑے زیورات کی صورت میں نمایاں طور پر مختلف مہارتوں اور خام مال کی ضرورت ہوتی ہے۔ مختلف مصنوعات اور تیار کنندگان کے لحاظ سے اجرت اور پیداواری لاگت بھی مختلف ہوتی ہے، انہیں کسی ایک سرکاری ڈالر نرخ کے مطابق طے نہیں کیا جا سکتا۔کیا مجوزہ حد کا مقصد مزدوری کے اخراجات کی عکاسی کرنا ہے، سونے کی مالیت سے زائد کم از کم برآمدی آمدن کو یقینی بنانا ہے یا ان دونوں اخراجات کو ملا کر کوئی شرح مقرر کرنا ہے؟ اگر اس تجویز کا مقصد ویلیو ایڈیشن کی شرط کو سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے الگ کرنا ہے تو مزدوری کے اخراجات اور شرحِ مبادلہ میں تبدیلی کے ساتھ مقررہ نرخوں پر نظرثانی کا کیا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا؟ وزارتِ تجارت پر لازم ہے کہ وہ برآمد کنندگان اور پالیسی سازوں کو محض نرخوں کی فہرست دینے کے بجائے ان کے تعین کا مکمل حساب کتاب فراہم کرے۔
اس کے بعد سبسڈی کا معاملہ بھی سامنے آتا ہے۔ ویلیو ایڈیشن کی لازمی حد میں کمی بذاتِ خود نقد سبسڈی کے مترادف نہیں ہے۔ تاہم زیورات کی برآمدات ایسے مراعاتی نظام کے تحت ہوتی ہیں جن میں اہل خام مال اور دیگر اشیا کی درآمد پر معمول کے درآمدی ڈیوٹیز اور ٹیکسوں سے چھوٹ دی جاتی ہے۔ اگر مجوزہ تبدیلی سے برآمد کنندگان کے لیے اضافی مالیت ثابت کرنے کی لازمی شرط میں نمایاں کمی آتی ہے تو حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ آیا اس سے ان مراعات کا معاشی فائدہ یا زیورات کی برآمدات سے متوقع زرمبادلہ کی آمدن متاثر ہوگی۔ موجودہ سونے کی قیمتوں کے مطابق دونوں طریقہ کار کے تحت کتنی ویلیو ایڈیشن درکار ہوگی؟ تقابلی جائزے کے بغیر اس تبدیلی کے حجم اور اس کے ممکنہ اثرات کا اندازہ لگانا ممکن نہیں۔
حکومت کے اندر اس معاملے پر اختلاف بھی مزید حیران کن ہے۔ صنعتی نمائندے مقررہ ڈالر نرخوں کے حامی ہیں جبکہ وزیر صنعت نے فیصد کی بنیاد پر موجودہ نظام برقرار رکھنے کی حمایت کی ہے۔ سوال یہ ہے کہ اس مؤقف کے پیچھے کون سی معاشی وجوہات ہیں؟ کیا ان میں سے کوئی ایک طریقہ پیداواری لاگت کا بہتر اندازہ پیش کرتا ہے، زرمبادلہ کی آمدن کے تحفظ میں زیادہ مؤثر ہے یا نظام کے غلط استعمال کی روک تھام کرتا ہے؟ وزارتوں، پارلیمانی کمیٹیوں اور صنعتی تنظیموں کے درمیان طویل مشاورت کے بعد ان بنیادی دلائل کو عوام کے سامنے آنا چاہیے۔ حکومت کے ایک حصے کے اعتراضات کی وضاحت کیے بغیر کسی ایک فارمولے کا اعلان کرنا غیر یقینی صورت حال ختم کرنے کے بجائے ایک نئی نوعیت کی غیر یقینی صورت حال پیدا کرنے کے مترادف ہے۔
اس معاملے میں آئی ایم ایف پروگرام کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ پاکستان نے نئے مالیاتی مراعاتی اقدامات، بشمول سبسڈیز اور ترجیحی ٹیکس سہولتوں سے گریز کرنے کا عہد کر رکھا ہے۔ برآمدات کے لیے کم از کم ویلیو ایڈیشن کی شرط میں ضابطہ جاتی تبدیلی لازماً اس عہد کی خلاف ورزی نہیں بنتی۔ تاہم، اگر اس کے نتیجے میں اضافی ٹیکس چھوٹ یا قابلِ پیمائش مالیاتی لاگت پیدا ہوتی ہے تو منظوری سے پہلے ان اثرات کی نشاندہی اور آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں کی روشنی میں ان کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ صرف اس بنیاد پر ہر برآمدی سہولت کو بے ضرر سمجھ لینا کہ اس کے لیے حکومت کو کوئی رقم براہِ راست ادا نہیں کرنا پڑتی، ایک مہنگی پالیسی روش ثابت ہو سکتی ہے۔
پاکستان کو زیورات کی برآمدات میں زیادہ قدر افزائی اور جدید پیداواری صلاحیتوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ قابلِ پیش گوئی قواعد و ضوابط کی بھی ضرورت ہے، اس میں کوئی شک نہیں۔ لہٰذا وزارتِ تجارت کو چاہیے کہ ای سی سی سے ان نرخوں کی منظوری لینے سے پہلے اپنے طریقہ کار، علاقائی تقابلی جائزے، نگرانی کے انتظامات اور مالیاتی و زرمبادلہ کے اثرات سے متعلق جائزہ رپورٹ منظرِ عام پر لائے۔اصلاحات کا مقصد اگر پالیسی میں یقین اور استحکام پیدا کرنا ہے تو کم از کم ان کے تعین کا حساب کتاب تو واضح ہونا چاہیے۔ بصورتِ دیگر ان ڈالر نرخوں کے بارے میں صرف ایک چیز یقینی ہوگی اور وہ ہے ان کے گرد پائی جانے والی الجھن۔


Comments