پاکستان اور مالدیپ کا تجارت بڑھانے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق
- ہم بندرگاہوں کے درمیان بہتر رابطوں، ادارہ جاتی تعاون اور کاروباری روابط میں اضافے کے ذریعے دوطرفہ تجارت کو 200 ملین ڈالر تک پہنچانا چاہتے ہیں، وزیر بحری امور
پاکستان اور مالدیپ نے دوطرفہ تجارت میں اضافے، بندرگاہوں کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے اور بحری تعاون مضبوط کرنے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ (جے ڈبلیو جی) قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزارتِ بحری امور کے مطابق یہ فیصلہ جمعرات کو وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری اور مالدیپ کے وزیر برائے اقتصادی ترقی، ٹرانسپورٹ اور تجارت محمد سعید کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطح کے ورچوئل اجلاس میں کیا گیا۔
محمد جنید چوہدری نے کہا کہ ہم بندرگاہوں کے درمیان بہتر رابطوں، ادارہ جاتی تعاون اور کاروباری روابط میں اضافے کے ذریعے دوطرفہ تجارت کو 200 ملین ڈالر تک پہنچانا چاہتے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔
مذاکرات میں دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے، ٹرانسپورٹ کے روابط بہتر بنانے، بحری رابطوں کو مضبوط کرنے اور بلیو اکانومی میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
وزیر بحری امور نے مزید کہا کہ پاکستان مالدیپ کو چاول، چینی، پھل، سبزیاں، ادویات اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے، تاکہ برآمدات کی فہرست میں تنوع پیدا کرنے کے ساتھ جزیرہ نما ملک کی منڈی میں موجود امکانات سے بھی فائدہ اٹھایا جاسکے۔
مجوزہ مشترکہ ورکنگ گروپ میں دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں اور معاشی شعبوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ گروپ تجارت کے ممکنہ مواقع کی نشاندہی کرے گا، تعاون کے شعبوں کا جائزہ لے گا اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تجاویز مرتب کرے گا۔
دونوں جانب سے سامان کی نقل و حمل میں سہولت پیدا کرنے اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے بندرگاہوں کے درمیان زیادہ مؤثر رابطوں اور مضبوط ادارہ جاتی ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس کے بعد کے اقدام کے طور پر وفاقی وزیر برائے بحری امور کی قیادت میں پاکستان کے متعلقہ معاشی اور صنعتی شعبوں کی نمائندگی کرنے والا ایک وفد جلد مالدیپ کا دورہ کرے گا، جہاں تجارتی مواقع کا جائزہ لینے اور عملی تعاون کے شعبوں کی نشاندہی کرنے کی توقع ہے۔
جنید چوہدری کے مطابق، اس اقدام کا مقصد تجارت میں اضافے، بحری روابط کو بہتر بنانے اور بلیو اکانومی میں تعاون کے ذریعے مالدیپ کے ساتھ پاکستان کے معاشی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔


Comments