اکتوبر میں 3.9 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول
- ماہانہ بنیادوں پر بھی ترسیلات زر میں 8.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ستمبر 2026 میں 3.6 ارب ڈالر تھیں
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے منگل کو بتایا کہ اکتوبر 2026 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر کا حجم 3.9 ارب ڈالر رہا۔
اکتوبر 2026 میں ترسیلات زر گزشتہ سال کے اسی مہینے کے 3.42 ارب ڈالر کے مقابلے میں 13.8 فیصد اضافے کے ساتھ 3.89 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
ماہانہ بنیادوں پر بھی ترسیلات زر میں 8.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ستمبر 2026 میں 3.6 ارب ڈالر تھیں۔
مجموعی طور پر مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر گزشتہ سال کی اسی مدت میں موصول ہونے والے 13 ارب ڈالر کے مقابلے میں 14 فیصد بڑھ کر 14.8 ارب ڈالر ہو گئیں۔
ترسیلات زر ملکی بیرونی کھاتوں کو سہارا دینے، پاکستان میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور ترسیلات پر انحصار کرنے والے گھرانوں کی قابلِ خرچ آمدنی میں اضافے کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
گزشتہ ماہ اسٹیٹ بینک نے ترسیلات زر اور زرمبادلہ کے ذخائر سے متعلق اپنے تخمینوں میں اضافہ کیا تھا، جس کی وجہ ترسیلات زر کی بہتر آمد اور بیرونی کھاتوں کے امکانات میں بہتری تھی۔
مانیٹری پالیسی کے فیصلے سے متعلق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا تھا کہ رواں مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ترسیلات زر میں استحکام برقرار رہا ہے اور توقع ہے کہ ان کا حجم پہلے لگائے گئے تخمینے سے زیادہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رواں مالی سال پاکستان کو موصول ہونے والی ترسیلات زر میں مزید اضافے کی توقع ہے اور ان کا حجم 45 ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے، جو پہلے لگائے گئے 44 ارب ڈالر کے تخمینے سے زیادہ ہے۔
ترسیلات زر کے بڑے ذرائع
اکتوبر 2026 کے دوران سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ ترسیلات زر بھیجیں، جن کا حجم 982 ملین ڈالر رہا۔ یہ رقم گزشتہ سال اسی مہینے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجے گئے 838 ملین ڈالر کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ تھی۔ ستمبر 2026 میں موصول ہونے والے 899 ملین ڈالر کے مقابلے میں بھی یہ رقم 9 فیصد زیادہ رہی۔
متحدہ عرب امارات سے موصول ہونے والی ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 16 فیصد اضافہ ہوا اور یہ اکتوبر 2025 کے 703 ملین ڈالر سے بڑھ کر اکتوبر 2026 میں 816 ملین ڈالر ہو گئیں۔ ماہانہ بنیادوں پر بھی ان میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ستمبر 2026 میں یہ رقم 749 ملین ڈالر تھی۔
برطانیہ سے اکتوبر 2026 کے دوران 592 ملین ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو گزشتہ سال اسی مہینے میں موصول ہونے والے 499 ملین ڈالر کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہیں۔
امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے اکتوبر 2026 میں 329 ملین ڈالر بھیجے، جو گزشتہ سال اسی مہینے میں بھیجی گئی 301 ملین ڈالر کی رقم سے 9 فیصد زیادہ ہیں۔ ماہانہ بنیادوں پر امریکا سے ترسیلات زر میں 8 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اگست 2026 میں یہ رقم 306 ملین ڈالر تھی۔
دریں اثنا، یورپی یونین (ای یو) کے ممالک سے اکتوبر 2026 میں 461 ملین ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو ستمبر 2026 میں موصول ہونے والے 448 ملین ڈالر کے مقابلے میں ماہانہ بنیادوں پر 3 فیصد زیادہ ہیں۔


Comments