پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے پہلے میزائل ’فائز‘ کا کامیاب تجربہ کر لیا
- صدر مملکت، وزیراعظم اور عسکری قیادت کی کامیاب تجربے پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد
پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ اپنے پہلے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ’فائز‘ کا کامیاب تجرباتی پرواز کا مظاہرہ کیا ہے، جو ملکی فضائی اور دفاعی صلاحیتوں میں پیش رفت کا ایک اہم سنگ میل ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میزائل جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے، جس کی مدد سے یہ زیادہ فاصلے پر موجود دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ’فائز‘ میزائل پاک فضائیہ کی عملی صلاحیت اور آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ کرے گا، جس سے ملک کی مجموعی دفاعی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔
بیان کے مطابق کامیاب تجرباتی پرواز پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کا مظہر ہے۔
میزائل کے تجربے کا مشاہدہ پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسران کے علاوہ اس جدید ہتھیار کی تیاری میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنس دانوں اور انجینئرز نے کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی ہے۔


Comments