غزہ میں اسرائیلی فائرنگ اور حملوں میں 4 افراد شہید
- اسرائیلی حملوں اور فائرنگ کا سلسلہ جاری، نشانہ بننے والوں میں میاں بیوی بھی شامل، ایک سالہ جنگ بندی کو خطرات لاحق
غزہ کی پٹی میں منگل کو اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ کے مختلف واقعات میں میاں بیوی اور 17 سالہ لڑکے سمیت کم از کم 4 فلسطینی شہید ہوگئے۔
طبی حکام کے مطابق غزہ شہر میں ایک اپارٹمنٹ پر اسرائیلی فضائی حملے میں اکرم یاسین اور ان کی اہلیہ دینا ابوبکر شہید ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے علاقے میں جنگجوؤں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، تاہم مزید تفصیلات نہیں دیں۔
جنوبی شہر خان یونس کے علاقے قیزان النجار کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے 17 سالہ لڑکا شہید ہوا، جبکہ غزہ شہر کے مشرقی علاقے زیتون میں بھی ایک فلسطینی جان سے گیا۔
جاں بحق شخص کے بھائی محمود یاسین نے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود حملے اور گولہ باری جاری ہیں۔
امریکا کی ثالثی میں ایک سال قبل ہونے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ میں تشدد نہیں رک سکا۔ فلسطینی حکام کے مطابق جنگ بندی کے بعد اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم 1,500 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیل کے مطابق اسی عرصے میں حماس کے حملوں میں اس کے 4 فوجی مارے گئے۔


Comments