پاکستان کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت آج مکہ دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرے گی
- نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سعودی دارالحکومت پہنچ گئے، وزیر دفاع آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر بھی ریاض روانہ ہوں گے
پاکستان کی اعلیٰ سول اور عسکری قیادت، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر شامل ہیں، پیر (آج) اہم سہ فریقی سکیورٹی اجلاس میں شرکت کے لیے ریاض کا سرکاری دورہ کر رہی ہے، دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے۔
اعلیٰ سطح وفد مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی (ایس پی ڈی سی) کے اجلاس میں شرکت کرے گا۔
اسحاق ڈار ریاض پہنچ گئے
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اہم اجلاس میں شرکت کے لیے ریاض پہنچ گئے۔دفتر خارجہ کے مطابق ریاض میں سعودی مسلح افواج کے میجر جنرل عثمان الزہرانی، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور سعودی وزارت خارجہ کے پروٹوکول افسر ہیثم نے ان کا استقبال کیا۔
ایس پی ڈی سی کا پہلا اجلاس
مکہ معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس ہوگا۔
اجلاس میں پاکستان، مملکت سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور چیفس آف جنرل اسٹاف شریک ہوں گے۔
بات چیت کے دوران نمائندے خطے کی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور مکہ معاہدے کے تحت جاری سہ فریقی تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت کے سربراہ نے اتوار کو حوثیوں کے خلاف بڑے فوجی آپریشن کے آغاز کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد ان کے زیر کنٹرول علاقوں پر قبضہ کرنا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعہ کو کہا تھا کہ ایران نے حوثیوں کے حملوں کے بعد یمن کے حوثیوں کے ساتھ سیاسی طور پر رابطہ کرنے کی تجویز دی ہے، جس پر مکہ دفاعی معاہدے کی کمیٹی رواں ہفتے ریاض میں ہونے والے اجلاس میں غور کرے گی۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ آج کے اجلاس میں پاکستان کی شرکت علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
ایک روز قبل ترک وزارت خارجہ نے بھی کہا تھا کہ ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے کی کمیٹی پیر کو ریاض میں اجلاس کرے گی، جس میں ترک وزرا بھی شرکت کریں گے۔
ترک وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اجلاس میں خطے کی حالیہ پیش رفت اور اتحاد کو ادارہ جاتی شکل دینے کی کوششوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
بیان کے مطابق ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان، وزیر دفاع یشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بایراکتاروغلو معاہدے کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔


Comments