مشرقِ وسطیٰ میں رسد میں خلل کے خدشات کم، تیل کی قیمت 2 فیصد گر کر ہفتے کی کم ترین سطح پر آگئی
- برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 2.67 ڈالر یا 2.5 فیصد کمی کے بعد 103.13 ڈالر فی بیرل پر آگئے
تیل کی قیمتیں جمعرات کو تقریباً 2 فیصد گر کر ایک ہفتے کی کم ترین سطح پر آگئیں۔ سعودی عرب کی جانب سے عمان کے راستے اضافی خام تیل کی کھیپیں بھیجنے کی اطلاعات سے رسد سے متعلق خدشات کم ہوئے، تاہم مشرقِ وسطیٰ میں تنازع پھیلنے کے خدشے کے باعث قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر رہیں۔
امریکی مشرقی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 3 منٹ پر برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 2.67 ڈالر یا 2.5 فیصد کمی کے بعد 103.13 ڈالر فی بیرل پر آگئے۔ اس سے قبل یہ 10 ستمبر کے بعد کی کم ترین سطح تک گر گئے تھے۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے بھی 1.61 ڈالر یا 1.6 فیصد کمی کے بعد 100.82 ڈالر فی بیرل پر آگئے، جو 11 ستمبر کے بعد کی کم ترین سطح ہے۔ بدھ کو دونوں معاہدوں کی قیمتوں میں تقریباً 3 ڈالر کی کمی ہوئی تھی۔
کے سی ایم ٹریڈ کے چیف مارکیٹ اینالسٹ ٹم واٹرر کے مطابق، امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ کی جانب سے سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کی جلد بحالی کے اشارے کے بعد خام تیل کی قیمتیں ہفتہ وار بلند ترین سطح سے نیچے آگئیں، جبکہ سعودی عرب کی جانب سے عمان کے قریب اضافی لوڈنگ کے ذریعے ترسیل جاری رکھنے کی کوششوں نے بھی رسد سے متعلق خدشات کم کیے۔
معاملے سے واقف ذرائع نے بتایا کہ سعودی عرب عمان کی صحار بندرگاہ کے قریب ایک بحری جہاز سے دوسرے بحری جہاز میں منتقلی کے ذریعے ایشیائی ریفائنریوں کو اضافی خام تیل کی کھیپیں فراہم کر رہا ہے۔ اس سے بحیرہ احمر تک جانے والی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بعض خلل کے اثرات کم ہوں گے۔ بلومبرگ نے رپورٹ کیا کہ سعودی عرب گزشتہ ہفتے ڈرون حملوں کے بعد بند کی گئی ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کی تقریباً نصف گنجائش چند روز میں بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
رواں ہفتے تیل کی قیمتیں تقریباً چار ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں، جب شپنگ انڈسٹری کے ذرائع نے بتایا کہ سعودی عرب کے بحیرہ احمر میں واقع برآمدی مرکز ینبع سے خام تیل کی لوڈنگ معطل کردی گئی ہے اور ریاض نے یورپی خریداروں کو تیل کی کچھ کھیپیں فراہم کرنے کے معاہدے منسوخ کردیئے ہیں۔ ایسٹ ویسٹ پائپ لائن ینبع کو خام تیل فراہم کرتی ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ پائپ لائن کی طویل بندش سے عالمی تیل کی رسد میں 4 فیصد تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔ سعودی عرب نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ پائپ لائن کی سرگرمیاں کب بحال ہوں گی، تاہم کرس رائٹ نے منگل کو سی این بی سی کو بتایا تھا کہ چند روز میں پائپ لائن کے ذریعے خام تیل کی ترسیل بحال ہوجانی چاہیے۔
ٹریڈنگ پلیٹ فارم ایکسنس کے سینئر مارکیٹ اسٹریٹجسٹ کرسٹوفر طاہر نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں رسد میں خلل کے خدشات کسی حد تک کم ہونے کے باعث جمعرات کو تیل کی قیمتوں میں گزشتہ سیشن کی کمی کا سلسلہ جاری رہا۔ انہوں نے اس کی وجہ عمان کے راستے اضافی سمندری لوڈنگ کے ذریعے خام تیل کی ترسیل میں اضافے اور ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کی بحالی کی کوششوں کو قرار دیا۔
طاہر نے مزید کہا، “اس کے باوجود فزیکل مارکیٹ میں رسد بدستور محدود ہے، جس کے باعث قیمتوں میں مزید کمی کی گنجائش کم ہوگئی ہے۔ آبنائے ہرمز سے ٹینکرز کی آمدورفت مسلسل کم ہورہی ہے، جبکہ سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی کے باعث بحیرہ احمر میں جہاز رانی اور علاقائی توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو ایک بار پھر خلل کا سامنا ہوسکتا ہے۔”
تین تیل اور سکیورٹی ذرائع کے جائزوں کے مطابق گزشتہ ہفتے ایک حملے میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو خدمات فراہم کرنے والے تین پمپنگ اسٹیشنوں کو نقصان پہنچا تھا، جبکہ ان کی مرمت مکمل ہونے کے وقت کے بارے میں اب بھی صورتِ حال واضح نہیں۔
سنگاپور کے ڈی بی ایس بینک نے کہا ہے کہ اس کے بنیادی منظرنامے کے مطابق چوتھی سہ ماہی میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم ہونے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں برینٹ خام تیل کی قیمت 85 سے 95 ڈالر فی بیرل کی حد میں مستحکم ہوسکتی ہے۔
ڈیزل مارکیٹ بھی دباؤ کا شکار
اگرچہ خام تیل کی رسد میں خلل بدستور مارکیٹ کی بنیادی تشویش ہے، تاہم مشرقِ وسطیٰ اور روس میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کے باعث ایندھن کی دستیابی محدود ہونے سے ڈیزل کی رسد میں کمی بھی دباؤ کی ایک نئی وجہ بن گئی ہے۔
ڈیزل کی قیمتوں کے لیے اہم اشاریہ سمجھے جانے والے یورپی گیس آئل کے مستقبل کے سودے منگل کو ریکارڈ بلند سطح پر بند ہوئے۔ امریکا میں انتہائی کم سلفر والے ڈیزل کے مستقبل کے سودے بھی ریکارڈ بلند سطح پر بند ہوئے۔
یوکرین کے ڈرون حملے میں روس کے شہر یاروسلاول کی ایک ریفائنری کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم بعدازاں اسے بجھا دیا گیا۔ علاقائی گورنر میخائل یفریئیف نے جمعرات کو یہ بات بتائی۔


Comments