ایران، امریکا تنازع میں پاکستان کے تعمیری کردار پر ناروے کی تعریف
- نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ کی ملاقات
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ نے حالیہ ایران امریکا تنازع کے دوران پاکستان کے اہم اور تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور کردار کی بھی تعریف کی۔
یہ ریمارکس جمعرات کو اسلام آباد میں اسحاق ڈار اور ایسپن بارتھ ایڈ کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے دوران سامنے آئے۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں فریقوں نے پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، بحری امور اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی گرم جوش اور دوستانہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں فریقوں نے علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
بیان کے مطابق ایسپن بارتھ ایڈ نے خاص طور پر حالیہ ایران امریکہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستانی وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور آرمی چیف کی قیادت اور خدمات کا اعتراف کیا۔
حکام نے ناروے میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن کے اہم کردار کو بھی تسلیم کیا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
ایسپن بارتھ ایڈ سرکاری دورے پر دن کے اوائل میں اسلام آباد پہنچے، وہ ایک دہائی میں پاکستان کا دورہ کرنے والے ناروے کے اعلیٰ ترین عہدیدار ہیں۔
ایئرپورٹ پر ان کا استقبال ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ برائے یورپ عائشہ علی نے کیا، بعدازاں وزارتِ خارجہ میں اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔
بعد ازاں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جانب نے اتفاق کیا کہ دوطرفہ تجارت دونوں ممالک کی معیشتوں کی استعداد کے مقابلے میں کم ہے اور اسے مؤثر اقدامات کے ذریعے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ناروے کی کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معروف نارویجن کمپنی یارا انٹرنیشنل پاکستان میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے ساتھ پلانٹ نیوٹریشن کے شعبے میں مشترکہ منصوبہ قائم کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں مزید کئی منصوبوں کے لیے راہ ہموار کرے گا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ناروے کے ساتھ پاکستان کی ٹیکنالوجی شراکت داری ایک کامیاب مثال ہے ، ناروے کے لیے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی شپ بریکنگ صنعت میں استعداد کار بڑھانے اور تکنیکی تربیت فراہم کرنے کے لیے ناروے کے بحری حکام کی معاونت کے شکر گزار ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے عوامی سطح پر روابط مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کثیرالجہتی نظام، اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام اور تنازعات کے پرامن حل کے عزم میں شریک ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے ناروے کے وزیر خارجہ کو دیرینہ مسئلہ جموں و کشمیر کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا اعلان کرکے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پہلے سے کشیدہ صورتحال میں ایک نئی جہت پیدا کردی ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر زور دیا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بند کرے اور معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
اس موقع پر ایسپن بارتھ ایڈ نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان شراکت داری مضبوط ہے۔
انہوں نے حالیہ ایران-امریکا تنازع کے دوران پاکستان کے اہم اور تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز منیر کی کوششیں واقعی دنیا کے لیے ایک خدمت ہیں۔

Comments