امریکی سعودی حملوں میں ہلاک 5 ایرانی پاسداران انقلاب اہلکاروں کی لاشیں ایران منتقل
- خلیجی مملکت پر حالیہ حملوں کے جواب میں عراق میں ایران نواز مسلح گروپوں کو نشانہ بنایا گیا تھا
ایرانی سرکاری میڈیا نے جمعہ کو بتایا کہ عراق میں اس ہفتے ہونے والے مشترکہ امریکی اور سعودی حملوں میں ہلاک ہونے والے اسلامی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے پانچ اہلکاروں کی لاشیں ایران واپس پہنچا دی گئی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق’حالیہ امریکی۔سعودی حملوں میں عراق میں مارے جانے والے پاسدارانِ انقلاب کے پانچ اہلکاروں کی لاشیں مغربی صوبہ ایلام میں واقع مہران سرحدی گزرگاہ کے ذریعے ایران منتقل کی گئیں۔
امریکا اور سعودی عرب نے بدھ کے روز کہا تھا کہ انہوں نے خلیجی مملکت پر حالیہ حملوں کے جواب میں عراق میں ایران نواز مسلح گروپوں کو نشانہ بنایا۔
ان حملوں میں الحشد الشعبی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جو عراق کا ایک مسلح اتحاد ہے اور اس میں ایران کے حامی کئی بااثر گروپ شامل ہیں۔ حملوں میں کم از کم 20 جنگجو ہلاک ہوئے، جن میں پانچ ایرانی اہلکار بھی شامل تھے۔
پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس ایران کی بیرونِ ملک عسکری کارروائیوں کی نگرانی کرتی ہے، جبکہ ایران سے باہر ہلاک ہونے والے پاسدارانِ انقلاب کے اہلکار عموماً اسی یونٹ سے وابستہ ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا نے 2020 میں بغداد میں ایک فضائی حملے میں قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی اور الحشد الشعبی کے نائب سربراہ ابو مہدی المهندس کو ہلاک کر دیا تھا۔


Comments