کارپوریٹ قرض مارکیٹ کے فروغ کے لیے سرمایہ مارکیٹ اصلاحات تیز کی جائیں، وزیر خزانہ
- معیشت کی مالی ضروریات کے مقابلے میں کارپوریٹ قرض مارکیٹ اب بھی غیر ترقی یافتہ، اصلاحات میں تیزی ناگزیر ہے، محمد اورنگزیب
وزارتِ خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعہ کو متعلقہ حکام کو کیپٹل مارکیٹ اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کو فروغ دینا ناگزیر ہے، تاکہ بینکوں سے قرض لینے پر انحصار کم ہو اور کاروباری اداروں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز)، کے لیے طویل مدتی مالی وسائل کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ کونسل (سی ایم ڈی سی) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیپٹل مارکیٹ اصلاحات پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور کہا کہ اگرچہ پاکستان کی ایکویٹی مارکیٹ نے حوصلہ افزا ترقی کی ہے، تاہم کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ اب بھی معیشت کی مالیاتی ضروریات کے مقابلے میں مطلوبہ سطح تک ترقی نہیں کر سکی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیٹ کیپٹل مارکیٹ کو فروغ دینے سے مالی وسائل کے ذرائع میں تنوع آئے گا، مارکیٹ پر مبنی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور مالیاتی نظام زیادہ متوازن اور مضبوط بنے گا۔
اجلاس میں پاکستان کی مقامی کرنسی سے منسلک بانڈ مارکیٹ کی ترقی سے متعلق جاری بیرونی مطالعے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فنانس ڈویژن کے مطابق اس مطالعے میں خودمختار قرض گیری، غیر بینک مالیاتی اداروں، پرائمری ڈیلرز، سیکنڈری مارکیٹس، مارکیٹ انفرااسٹرکچر، ہیجنگ اور ڈیریویٹوز سمیت مجموعی کیپٹل مارکیٹ کے فریم ورک سے متعلق اصلاحات کا احاطہ کیا جائے گا۔
محمد اورنگزیب نے ہدایت کی کہ یہ مطالعہ بین الاقوامی بہترین روایات کی روشنی میں قابلِ عمل، شواہد پر مبنی سفارشات پیش کرے تاکہ آئندہ اصلاحات کی مؤثر رہنمائی کی جا سکے۔
اجلاس میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے ملک کی سرفہرست 100 لسٹڈ کمپنیوں کو کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ تک رسائی میں درپیش مشکلات سے متعلق کیے گئے سرویز اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے نتائج کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اس حوالے سے درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور تیزی سے ترقی کرنے والی کمپنیوں سے بھی وسیع پیمانے پر مشاورت کی جائے، جو کیپٹل مارکیٹ کے ذریعے مالی وسائل حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
ادارہ جاتی استعداد بڑھانے کے لیے انہوں نے ایس ای سی پی اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ہدایت دی کہ سینئر انتظامی سطح پر خصوصی ڈیٹ ڈیسک قائم کیے جائیں، جن کے لیے واضح اختیارات، قابلِ پیمائش اہداف اور اصلاحات پر عمل درآمد کی ذمہ داری مقرر کی جائے۔
انہوں نے مارکیٹ کے درمیانی کردار ادا کرنے والے اداروں اور انفرااسٹرکچر فراہم کرنے والوں کے درمیان مسابقت بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ کارکردگی بہتر ہو، خدمات کا معیار بلند ہو اور سرمایہ جاری کرنے والوں اور سرمایہ کاروں کے لیے لین دین کی لاگت کم کی جا سکے۔
اجلاس میں ایس ای سی پی، پی ایس ایکس اور سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (سی ڈی سی) کے درمیان قریبی رابطے کے ذریعے کارپوریٹ ڈیٹ جاری کرنے کے عمل کو آسان بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے معیاری طریقہ کار، ڈیجیٹل انضمام اور آسان لسٹنگ نظام پر مبنی ون ونڈو لسٹنگ فریم ورک متعارف کرانے پر زور دیا تاکہ شفافیت اور رسائی میں آسانی پیدا ہو۔
شرکا نے پاکستان کی اسلامی کیپٹل مارکیٹ، بالخصوص مقامی سکوک مارکیٹ کو وسعت دینے، سیکنڈری مارکیٹ میں لیکویڈیٹی بہتر بنانے، گرین اور پائیدار مالیاتی آلات کے فروغ، ٹیکس اصلاحات، ایس ایم ایز کی تیاری، مالیاتی آگاہی اور ڈیجیٹل سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کے فروغ سے متعلق تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ کونسل کے آئندہ کام کو مختلف موضوعاتی ورکنگ گروپس کے ذریعے منظم کیا جائے، جن کے لیے واضح ذمہ داریاں، ٹائم لائنز اور پیش رفت کے باقاعدہ جائزے مقرر ہوں۔
اجلاس میں ایس ای سی پی کے چیئرمین، اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)، پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)، سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (سی ڈی سی)، نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (این سی سی پی ایل)، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے)، پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی)، ٹیکس پالیسی آفس اور فنانس ڈویژن کے سینئر حکام نے شرکت کی۔


Comments