وزیراعظم کا امریکہ کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم
- صدرمملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر کو 250 ویں یوم آزادی پر مبارکباد
وزیر اعظم شہباز شریف نے ہفتے کو کہا کہ جیسے جیسے اسلام آباد اور واشنگٹن ایک روشن اور امید افزا مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں، پاکستان باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور تعمیری و باہمی طور پر مفید تعاون کی بنیاد پر امریکا کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یہ پیغام ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دیا جس میں انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو امریکا کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کے تاریخی موقع پر دلی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس شاندار سنگِ میل، آزادی، ثابت قدمی اور پائیدار جمہوری اقدار کی خوشی میں امریکاکے ساتھ شریک ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سات دہائیوں سے زائد پر محیط شراکت داری قائم ہے جسے پاکستانی نژاد امریکی برادری کی گراں قدر خدمات نے مزید مضبوط بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ نے بارہا ثابت کیا ہے کہ جب بھی عالمی امن اور سلامتی کو سنگین چیلنجز درپیش آئے امریکا اور پاکستان اہم ترین مواقع پر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جنوبی ایشیا میں امن کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں اور اس کی قدر کرتے ہیں جس نے ایک ممکنہ تباہ کن جنگ کو روکنے اور کروڑوں انسانی جانوں کو محفوظ بنانے میں مدد دی۔ اسی طرح دنیا بھر میں کئی بڑے تنازعات کے خاتمے کے لیے ان کی مستقل کوششیں بھی قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے دونوں ممالک ایک روشن اور امید افزا مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں، پاکستان باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور تعمیری و باہمی طور پر مفید تعاون کی بنیاد پر امریکاکے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
ایک الگ پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو امریکہ کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کے تاریخی موقع پر دلی مبارکباد دی ہے۔
ہفتہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے امریکی صدر کے نام اپنے تہنیتی خط میں کہا کہ امریکااپنی طاقت، جدت، آزادی، جمہوریت اور مساوی مواقع جیسے بنیادی اقدار سے وابستگی کی مضبوط روایت کو مسلسل آگے بڑھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی صدیوں کے دوران امریکی عوام کے نمایاں کارناموں نے دنیا کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور امریکاکے درمیان دیرینہ تعلقات باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور امن، سلامتی و خوشحالی کے فروغ کے مشترکہ عزم پر استوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں آباد ایک فعال اورمتحرک پاکستانی برادری نے ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اس برادری کی کامیابیاں اور خدمات نہ صرف دونوں ممالک کے لیے باعثِ فخر ہیں بلکہ یہ دونوں عوام کے درمیان دوستی، باہمی اعتماد اور بہتر روابط کا مضبوط ذریعہ بھی ہیں۔
صدرِ پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات ایک مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں جہاں دونوں ممالک باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور مستقبل پر نظر رکھنے والی مضبوط شراکت داری کے فروغ کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے توانائی کی قابلِ اعتماد فراہمی، تجارت و سرمایہ کاری، دفاع، انسدادِ دہشت گردی اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں قریبی اور منظم تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ایک مضبوط پاک-امریکا شراکت داری کا علاقائی امن اور سلامتی میں اہم کردار ہے جس کی اہمیت گزشتہ سال مئی میں اس وقت ثابت ہوئی جب صدر ٹرمپ نے دو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ریاستوں کے درمیان جنگ بندی کی کامیاب ثالثی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے کے ساتھ یہ شراکت داری مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
انہوں نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے پاکستان کے ثالثی کے کردار پر امریکا کے اعتماد کو سراہا۔ صدر مملکت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ایک پائیدار حل صرف مذاکرات، سفارت کاری اور کشیدگی میں کمی کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے پاکستانی عوام کی جانب سے صدر ٹرمپ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی پرتپاک دعوت بھی دی۔


Comments