روسی ڈرون اور میزائل حملوں نے یوکرینی شہروں میں تباہی مچا دی،10 افراد ہلاک
- دنیپرو اور اس کے اطراف میں بھی میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوئے
روسی ڈرونز اور میزائلوں نے منگل کی صبح یوکرین کے مختلف شہروں، جن میں دارالحکومت کیف اور دنیپرو شامل ہیں، پر شدید حملے کیے جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور تقریباً 100 زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق یہ حملے کئی دنوں کی ان وارننگز کے بعد کیے گئے جن میں ماسکو کی جانب سے بڑے فوجی آپریشن کے خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔
کیف کے میئر وٹالی کلیچکو کے مطابق دارالحکومت میں رات گئے ہونے والے حملوں میں 4 افراد ہلاک اور 58 زخمی ہوئے، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ ایک 24 منزلہ رہائشی عمارت پر مبینہ میزائل گرنے سے عمارت کا بڑا حصہ منہدم ہو گیا، جبکہ کئی دیگر عمارتوں میں آگ لگ گئی اور متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دنیپرو اور اس کے اطراف میں بھی میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوئے۔ علاقائی حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت درمیانی درجے کی ہے۔
حملوں کے دوران یوکرین کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے کے سائرن بجتے رہے اور ہزاروں افراد زیر زمین پناہ گاہوں میں منتقل ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق کیف کے میٹرو اسٹیشنوں میں لوگوں کی بڑی تعداد نے پناہ لی، جبکہ شہر بھر میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔
یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ روس بڑے پیمانے پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ ان کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماسکو وسیع حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے یوکرین کے 148 ڈرون مار گرائے، جبکہ یوکرینی حملوں کے نتیجے میں روس کے کراسنودار خطے میں ایک آئل ریفائنری میں آگ لگ گئی۔ اسی طرح روسی سرحدی علاقے بیلگوروڈ میں یوکرینی ڈرون حملے میں ایک بچہ زخمی ہوا۔
یہ جنگ فروری 2022 میں روس کے مکمل حملے کے بعد سے جاری ہے، اور اب تک اسے ختم کرنے کی کوششیں ناکام رہی ہیں۔ عالمی سطح پر امن مذاکرات میں بھی کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔


Comments