پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں توسیع کا معاہدہ طے
- معاہدے پر ایس ایف ڈیکی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان بن عبدالرحمن المرشد اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے گورنر جمیل احمد نے دستخط کیے
پاکستان اور سعودی عرب نے واشنگٹن میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران سعودی ڈپازٹ میں توسیع کے معاہدے پر دستخط کردیے۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے اسپرنگ میٹنگز 2026 کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر کی موجودگی میں اس اہم مالیاتی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ (ایس ایف ڈی) اور اسٹیٹ بینک کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت اسٹیٹ بینک میں سعودی فنڈ کی جانب سے جمع کرائے گئے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی گئی ہے۔
معاہدے پر سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ (ایس ایف ڈی) کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان بن عبدالرحمن المرشد اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے گورنر جمیل احمد نے دستخط کیے۔
ڈپازٹ کی مدت میں یہ توسیع پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور دیرینہ معاشی شراکت داری کی عکاس ہے اور اس سے پاکستان کے بیرونی شعبے کے استحکام کو مزید تقویت ملے گی۔


Comments