ٹرمپ کے ’قیامت خیز‘ الٹی میٹم کی ڈیڈ لائن قریب، ایران کا جنگ بندی مسترد کرنے کا اعلان
- ایران نے پاکستان کو جنگ ختم کرنے کی امریکی تجویز پر اپنا ردعمل دے دیا
امریکہ اور ایران نے پیر کے روز پانچ ہفتوں سے جاری تنازع کے خاتمے کے لیے ایک فریم ورک پلان پر غور کیا، جبکہ تہران نے واضح کیا ہے کہ وہ عارضی جنگ بندی کے بجائے جنگ کا مستقل خاتمہ چاہتا ہے اور آبنائے ہرمز کو فوری کھولنے کے لیے دباؤ کو مسترد کر دیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا (آئی آراین اے) کے مطابق ایران نے جنگ بندی کو مسترد کرتے ہوئے اور جنگ کے دیرپا خاتمے پر زور دیتے ہوئے امریکی تجویز پر اپنا ردعمل پاکستان کے ذریعے پہنچا دیا ہے۔
ایجنسی کے مطابق ایرانی ردعمل 10 نکات پر مشتمل تھا، جن میں خطے میں تنازعات کا خاتمہ، آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ کا پروٹوکول، پابندیوں کا خاتمہ اور تعمیرِ نو شامل ہیں۔
ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر تہران نے منگل کو رات 8 بجے (ای ڈی ٹی/0000 جی ایم ٹی) تک معاہدہ نہ کیا تو اس پر ”قیامت خیز“ کارروائی کی جائے گی، جس کا مقصد عالمی توانائی کی سپلائی کے لیے اہم سمندری راستے پر ٹریفک کی بحالی یقینی بنانا ہے۔


Comments