شی جن پنگ کا برازیل کے صدر سے رابطہ، اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے تحفظ پر زور
- یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ورلڈ اکنامک فورم کے دوران اپنے مجوزہ نئے ادارے بورڈ آف پیس کے قیام کا اعلان کیا ہے
چین کے صدر شی جن پنگ نے عالمی معاملات میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے برازیل کے صدر لولا دا سلوا سے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی اصولوں اور ضابطوں کے دفاع میں کردار ادا کریں۔ یہ بات چینی سرکاری میڈیا کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان میں بتائی گئی۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ورلڈ اکنامک فورم کے دوران اپنے مجوزہ نئے ادارے بورڈ آف پیس کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اگرچہ ابتدا میں اس ادارے کو غزہ کی تعمیرِ نو کی نگرانی کے لیے پیش کیا گیا، تاہم اس کے دائرہ کار کو صرف فلسطینی علاقوں تک محدود نہیں رکھا گیا، جس پر خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کے کردار کو کمزور کرنے کی کوشش ہو سکتا ہے۔
چین اور برازیل دونوں کو اس نئے فورم میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، لیکن کسی نے باضابطہ طور پر شمولیت کی تصدیق نہیں کی۔ شی جن پنگ نے لولا دا سلوا سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ موجودہ ہنگامہ خیز عالمی صورتحال میں چین اور برازیل عالمی امن و استحکام کے لیے تعمیری قوتیں ہیں اور انہیں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار اور عالمی انصاف کے اصولوں کا مشترکہ دفاع کرنا چاہیے۔
یورپی رہنماؤں نے بھی ٹرمپ کی تجویز پر شکوک کا اظہار کیا ہے، جبکہ برازیل نے عندیہ دیا ہے کہ کسی ایک ملک کی جانب سے اقوام متحدہ کی اصلاحات قابل قبول نہیں ہوں گی۔


Comments