دنیا کے امیر ترین خاندانوں کی دولت میں مزید اضافہ، عالمی عدم مساوات بڑھ گیا
- اس فہرست میں امریکی ریٹیل جائنٹ والمارٹ کے وارث والٹن خاندان نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے
بلومبرگ کی جانب سے 2025 کے لیے دنیا کے امیر ترین خاندانوں کی تازہ درجہ بندی میں عالمی دولت کے چند طاقتور خاندانی گروہوں میں مزید ارتکاز کو نمایاں کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں امریکی ریٹیل جائنٹ والمارٹ کے وارث والٹن خاندان نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، جن کی مجموعی دولت پہلی بار نصف کھرب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے اور 513.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق والمارٹ آمدن کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ریٹیل ادارہ ہے، جس کی سالانہ آمدن 681 ارب ڈالر ہے اور دنیا بھر میں اس کے 10,750 سے زائد اسٹورز ہیں، جبکہ والٹن خاندان کمپنی کے تقریباً 44 فیصد حصص کا مالک ہے۔
خلیجی شاہی خاندان اس فہرست میں نمایاں نظر آتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کا النہیان خاندان 335.9 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ بلومبرگ کے مطابق یہ خاندان تیل کی دریافت سے پہلے ہی خطے میں اقتدار اور اثر و رسوخ رکھتا تھا۔ سعودی عرب کا آل سعود خاندان 213.6 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، جن کی دولت کا انحصار تیل، خودمختار ویلتھ فنڈز اور طویل المدتی سرمایہ کاری پر ہے۔ قطر کا آل ثانی خاندان 199.5 ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، جو ملکی معیشت اور سیاست میں گہرے اثرات رکھتا ہے اور بیرون ملک بھی قیمتی اثاثوں کا مالک ہے۔
یورپ میں فرانس کا ہرمیس خاندان 184.5 ارب ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے، جس کی وجہ لگژری مصنوعات خصوصاً برکن بیگز کی عالمی طلب ہے۔ امریکی صنعتی خاندان کوچ 150.5 ارب ڈالر کے ساتھ چھٹے نمبر پر جبکہ مارس خاندان 143.4 ارب ڈالر کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔
بھارت کا امبانی خاندان 105.6 ارب ڈالر کے ساتھ آٹھویں نمبر پر واحد جنوبی ایشیائی نمائندہ ہے، جس کی قیادت مکیش امبانی کر رہے ہیں۔ فہرست میں نویں نمبر پر فرانس کا ورتھائمر خاندان اور دسویں نمبر پر کینیڈا کا تھامسن خاندان شامل ہے۔
بلومبرگ کے مطابق دنیا کے 25 امیر ترین خاندانوں کی مجموعی دولت ایک سال میں 358.7 ارب ڈالر بڑھ کر 2.9 کھرب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی معاشی عدم مساوات کی عکاسی کرتی ہے۔


Comments
Comments are closed.