وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب چھ روزہ دورے پر امریکہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
واشنگٹن پہنچنے پر پاکستانی سفارت خانے کے سینئر حکام نے وزیر خزانہ اور ان کے وفد کے دیگر ارکان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
اپنے دورے کے دوران سینیٹر اورنگزیب عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے عمومی اجلاسوں میں شرکت کے علاوہ دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام، بین الاقوامی فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (ایم آئی جی اے) کے نمائندوں سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر خزانہ کی عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے ون آن ون ملاقات طے ہے، جبکہ وہ اجے بنگا کی جانب سے منتخب ممالک کے وزرائے خزانہ کے اعزاز میں دیے گئے خصوصی عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ، سینیٹر اورنگزیب آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کریں گے۔ وہ جی-24 اور مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ اور پاکستان گروپس کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے، جہاں وہ خطے کی معاشی ترجیحات پر کلیدی خطاب بھی کریں گے۔
وزیر خزانہ عالمی بینک کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے ریجنل راؤنڈ ٹیبل میں بھی شرکت کریں گے، جس کا موضوع ٹیکس نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی ہے۔ اس اجلاس میں ایف بی آر سمیت مختلف ممالک کے ٹیکس حکام اپنے اصلاحاتی تجربات شیئر کریں گے۔
علاوہ ازیں، محمد اورنگزیب عالمی اقتصادی فورم کے دو بڑے پروگراموں میں بھی شرکت کریں گے۔ ان کے پروگرام میں چین، برطانیہ، سعودی عرب، ترکیہ اور آذربائیجان کے وزرائے خزانہ کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔
وہ وائٹ ہاؤس، امریکی کانگریس کی فنانشل سروسز کمیٹی، امریکی محکمہ خارجہ، خزانہ، اور انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے سینئر حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔
دورے کے دوران وزیر خزانہ امریکہ۔پاکستان بزنس کونسل کے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ پاکستان میں ٹیکس تجاویز اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ وہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں، مشرقِ وسطیٰ کے کمرشل بینکوں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب مختلف سرمایہ کاری فورمز اور سیمینارز سے خطاب کریں گے، جن میں پاکستان کے معاشی منظرنامے اور اصلاحاتی ایجنڈے کو اجاگر کیا جائے گا۔ وہ معروف امریکی تھنک ٹینکس، اٹلانٹک کونسل اور پیٹرسن انسٹی ٹیوٹ فار انٹرنیشنل اکنامکس کا دورہ بھی کریں گے۔
وزیر خزانہ پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے ملاقات کریں گے اور معروف امریکی و بین الاقوامی میڈیا اداروں کو انٹرویوز دیں گے۔ چھ روزہ دورے کے دوران ان کے 65 سے زائد اجلاسوں، فورمز اور عوامی تقریبات میں شرکت متوقع ہے۔


Comments
Comments are closed.