وزیر اعظم شہباز شریف کو گلگت بلتستان میں بارشوں سے نقصانات اور سیلابی صورتحال پر بریفنگ
- وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعظم کو سیلابی صورتحال اور امدادی کارروائیوں سے آگاہ کیا
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیر کے روز گلگت بلتستان کے ایک روزہ دورے کے دوران گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر اعلیٰ گلبر خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق ان ملاقاتوں کے دوران گلگت بلتستان کے معززین نے وزیراعظم کو حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور نقصانات سے آگاہ کیا۔
گورنر مہدی شاہ نے وزیر اعظم کو علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعا بھی کی گئی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ گلبر خان نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے بعد کی صورتحال کے ساتھ ساتھ مقامی سطح کے اہم مسائل پر وزیر اعظم سے گفتگو کی۔

ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں سے متعلق حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ نے گلگت بلتستان میں دانش اسکولز کے قیام کے فیصلے پر وزیراعظم کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
دونوں رہنماؤں نے گلگت بلتستان میں مجموعی امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔


Comments
Comments are closed.