سزائے موت کے خطرے کے باوجود شیخ حسینہ کا دسمبر میں وطن واپسی کا اعلان
- شیخ حسینہ اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی تحریک کے نتیجے میں 15 سالہ اقتدار کے خاتمے کے بعد بھارت فرار ہوگئی تھیں
بنگلہ دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ نے کہا ہے کہ انکا سزائے موت اور جان کو لاحق خطرات کے باوجود دسمبر میں وطن واپس جانے کا ارادہ ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ای میل انٹرویو میں 79 سالہ شیخ حسینہ نے کہا کہ وہ واپسی کے خطرات سے بخوبی آگاہ ہیں، تاہم موت کی دھمکی بھی انہیں اپنے ملک واپس آنے سے نہیں روک سکتی۔
شیخ حسینہ اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی تحریک کے نتیجے میں 15 سالہ اقتدار کے خاتمے کے بعد بھارت فرار ہوگئی تھیں اور تب سے روپوش ہیں۔ بنگلہ دیشی عدالت نے گزشتہ سال مظاہرین کے خلاف مہلک کریک ڈاؤن کے الزام میں انہیں انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے غیر حاضری میں سزائے موت سنائی تھی۔
بنگلہ دیشی حکام کے مطابق اگر وہ وطن واپس آئیں تو انہیں پھانسی دی جائے گی اور سزا کے خلاف اپیل کی مدت گزرنے کے بعد ان کے پاس مزید قانونی راستہ نہیں رہا۔ تاہم شیخ حسینہ نے عدالتی کارروائی کی قانونی حیثیت مسترد کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت عوامی لیگ کا پیٹرول بم حملوں سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے بقول ان کے خلاف 600 سے زائد جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
شیخ حسینہ نے بتایا کہ ان کے وکلا نئی دہلی میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کے ذریعے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے حصول کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ زندہ رہنا اور ملک کی خدمت جاری رکھنا چاہتی ہیں، تاہم وطن واپسی کے لیے موت کا سامنا بھی کرنے کو تیار ہیں۔