پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف کو دورۂ قاہرہ کی دعوت پر وزیر خارجہ کا مثبت جواب

  • اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ کے درمیان علاقائی صورتحال اور یورپ میں آئندہ آر 4 اور آر 4 پلس ای 4 اجلاسوں پر تبادلہ خیال
شائع اپ ڈیٹ

دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے مصری ہم منصب کا وزیراعظم شہباز شریف کو دورۂ قاہرہ کی دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا اور اس دعوت پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔

یہ پیش رفت اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران سامنے آئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق وزرائے خارجہ نے یورپ میں ہونے والے آئندہ آر 4 اور آر 4 پلس ای 4 اجلاسوں پر تبادلہ خیال کیا اور علاقائی امور پر رابطوں کو مضبوط بنانے، نیز امن و استحکام کے فروغ کے لیے کوششیں آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔