سندھ میں تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس پالیسیوں میں 40 گنا اضافہ
- سندھ میں تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس پالیسیوں کی تعداد بڑھ کر نومبر تک 4 لاکھ 52 ہزار 515 ہوگئی
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے جمعہ کو بتایا کہ سندھ میں تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس پالیسیوں کی تعداد مارچ 2026 میں 11 ہزار 200 سے بڑھ کر نومبر تک 4 لاکھ 52 ہزار 515 ہوگئی جو آٹھ ماہ کے دوران تقریباً 3 ہزار 940 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
یہ اضافہ مارچ میں صوبائی موٹر وہیکل قوانین میں ترامیم کے بعد سامنے آیا ہے جن کے تحت سندھ میں رجسٹرڈ گاڑیوں کے لیے تھرڈ پارٹی انشورنس لازمی قرار دی گئی تھی۔ یہ اصلاحات سندھ حکومت نے ایس ای سی پی کے تعاون سے متعارف کرائی تھیں۔
اس قانون پر عملدرآمد میں معاونت کے لیے ایس ای سی پی نے موٹر انشورنس ریپوزٹری قائم کی جو ایک ڈیجیٹل نظام ہے اور متعلقہ حکام کو انشورنس پالیسیوں کی تصدیق کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس نظام کے ذریعے انشورنس پالیسیوں کی ڈیجیٹل تصدیق کے ساتھ انہیں سندھ کے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیکس وصولی کے نظام سے منسلک کیا گیا۔ قانونی اصلاحات کے بعد انشورنس پالیسیوں کے اجرا میں اضافے میں اس نظام نے بھی مدد دی ہے۔
بیان کے مطابق تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس سڑک حادثات سے متاثرہ افراد کو مالی تحفظ فراہم کرتی ہے۔ پالیسی کی شرائط اور متعلقہ قوانین کے تحت یہ انشورنس دوسروں کو پہنچنے والی چوٹ، جانی نقصان یا املاک کو نقصان پہنچنے کی صورت میں مالی ذمہ داری کا احاطہ کرتی ہے، تاہم اس میں پالیسی ہولڈر کی اپنی گاڑی کو پہنچنے والا نقصان شامل نہیں ہوتا۔
سندھ میں تقریباً 26 لاکھ گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، اس لیے انشورنس کی سہولت کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی نمایاں گنجائش موجود ہے۔ انشورنس پالیسیوں کی تعداد میں اضافہ قوانین پر عملدرآمد بہتر بنانے اور سڑک استعمال کرنے والوں کو مالی تحفظ فراہم کرنے کی کوششوں میں پیش رفت کا عکاس ہے۔ اس پیشرفت کو برقرار رکھنے کے لیے عوامی آگاہی میں اضافہ، قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور انشورنس کی قابلِ رسائی سہولتوں کی فراہمی اہم ہوگی۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس سڑک حادثات کا شکار ہونے والے افراد اور ان کے اہل خانہ کو معاوضے کے حصول میں مدد فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہونے والی پیشرفت کو آگے بڑھاتے ہوئے ہم وفاقی حکومت اور پنجاب سمیت دیگر صوبوں کی حکومتوں سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ اسی نوعیت کے قوانین اور ان پر عملدرآمد کے اقدامات میں معاونت فراہم کی جاسکے۔ ہمارا مقصد ملک بھر میں اس انشورنس کو لازمی قرار دینا ہے۔